تھانے ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے
چیف سکریٹری اور تھانے کی سرپرست سکریٹری سجاتا سونک کی ہدایت
تھانے، (آفتاب شیخ)
مہاراشٹر کی چیف سکریٹری اور تھانے ضلع کی سرپرست سکریٹری سجاتا سونک نے تھانے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کی شکایات کا بروقت اور مثبت انداز میں حل ہونا چاہیے۔
یہ ہدایات انہوں نے ضلع کلکٹر کے دفتر میں منعقدہ 100 روزہ ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس اجلاس میں متعلقہ افسران اور اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اگلے 100 دنوں میں عملدرآمد کے لیے منصوبے پیش کیے۔
اجلاس میں تھانے میونسپل کارپوریشن کمشنر سوربھ راؤ، تھانے پولیس کمشنر آشوتوش ڈمبرے، کلیان ڈومبیولی میونسپل کمشنر ڈاکٹر اندرانی جاکھڑ، الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کمشنر، اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
چیف سکریٹری نے اجلاس کے دوران کہا کہ تمام محکمے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے مربوط کوششیں کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی حکومت کے گڈ گورننس کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں۔
ضلع کلکٹر اشوک شنگارے نے کمپیوٹر پریزنٹیشن کے ذریعے 100 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات پیش کیں، جن میں اسٹیٹ سروس گارنٹی ایکٹ، شکایات کے ازالے کے نظام، اور دیگر ترقیاتی اہداف شامل ہیں۔
چیف سکریٹری نے افسران کو یقین دلایا کہ کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں وہ براہ راست رابطہ کریں اور ہر مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں کوکن ڈویژنل کمشنر راجیش دیشمکھ اور دیگر افسران نے بھی اپنی آراء پیش کیں اور منصوبوں کے نفاذ کے حوالے سے تجاویز دیں۔
