تھانے : حضرت پیر ملا احمد شاہ بابا کا عرس انتہائی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا شہر بھر سے آئے ہزاروں عقیدت مندوں نے کی شرکت، حضرت سید حسین اشرف کی سرپرستی میں محفل سماع کا اہتمام
تھانے (آفتاب شیخ)
شہنشاہ علم و عرفان، منبع فیوض و برکات حضرت پیر ملا احمد شاہ باب رحمۃ اللّٰہ علیہ کاسالانہ عرس مبارک بڑی عقیدت واحترام کے ساتھ رابوڑی تھانے میں معین المشائخ حضرت سید معین الدین اشرف (معین میاں) قبلہ و صوفی باصفا حضرت سید حسین اشرف قبلہ مدظلہ العالی کی سرپرستی میں نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا جس دوران ہزاروں عقیدتمندوں نے تقریبات میں شرکت کرکے عرس کی تقریبات میں شرکت کی ۔ ہر سال کی طرح امسال بھی حضرت پیر ملا احمد شاہ بابا ؒ کا عرس جوش و خروش سے منایا گیا جس میں شہر کے کونہ کونہ سے آئے زائرین نے شرکت کی اور عُرس پاک میں شریک ہونے کیلئے دربار پر حاضری دیکر فیضیاب ہوئے ۔ہزاروں زائرین سال بھر دربار میں حاضر ہوکر اپنی عقیدت کے گلدستے پیش کرتے ہیں ۔کئی دہائیوں سے جاری اِس چشمہ روحُانیت سے لاکھوں کروڑں تشنہ لبوں نے تشنگی بجھائی ہے اوراپنی مرادیں لے کر حاضری دیتے ہیں۔ بزرگان دین نے اسلام ،امن وبھائی چارہ کا درس دے کر انسانیت کو اندھیرے سے نکال کر روشنی کی طرف لایا اور تصوف کا درس دیا ہے تصوف کا آئینہ خالق اور مخلوق کے تعلق کی بنیاد ہے یہ وہ راستہ ہے کہ انسان کا اسکے خالق سے رشتہ استوار کرتا ہے۔ رضاۓ الہی اور محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے حصول کا بہترین ذریعہ اولیاء کرام کی نسبت ہے۔
آستانہ عالیہ میں درود و ختمات و تلاوت قران شریف اور میلاد شریف کی مجالس منعقد ہوئیں۔ شہزادہ شہید راہ مدینہ صوفی باصفا حضرت سید حسین اشرف صاحب قبلہ نے عرس کی تقریب میں خصوصی شرکت فرمائی اور احمد شاہ بابا کی علمی، روحانی اور دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کی۔ آپ کے ہاتھوں سے آستانہ عالیہ پر صندل پیش کیا گیا اس کے بعد درگاہ کے ہال میں آپ کی موجودگی میں محفل سماع کا انعقاد کیا گیا۔ دوسرے دن درگاہ شریف کے ہال میں لنگر عام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔درگاہ شریف پر ملک و ریاست میں امن وسلامتی کی بھی دعا کی گئی۔ ٹرسٹیان پیر ملا احمد شاہ بابا درگاہ نے انتظام و انصرام کی ذمہداریوں کو بحسن خوبی نبھایا۔
بعدنمازعشاء صندل شریف درگاہ سے نکل کر رابوڑی میں گشت کرتا ہوا پھر سے درگاہ شریف پر پہنچا اور چادر و صندل پیش کی گئی حضرت سید حسین اشرف صاحب قبلہ کی موجودگی میں مفتی عظیم الدین نوری نے فاتحہ و دعا کی اور صلاۃ و سلام پیش کیا گیا۔ سیکڑوں زائرین نے صندل میں شرکت کی۔
