یعقوب میمن کی درخواست پر آدھی رات تک سماعت، بی جے پی لیڈر کا متنازعہ ریمارک
چندی گڑھ 30 اکٹوبر ۔ہریانہ کے ایک وزیر انیل وجے نے رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد ملکیت تنازعہ پر عاجلانہ سماعت کا مطالبہ مسترد کئے جانے پر سپریم کورٹ کو طنز کا نشانہ بنایا اور کہاکہ وہ (سپریم کورٹ) ممبئی حملوں کے ایک مجرم یعقوب میمن کی پھانسی کو موخر کرنے کی درخواست پر آدھی رات بعد بھی سماعت کرسکتا ہے۔ انیل وج نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا ”سپریم کورٹ مہان ہے (سپریم کورٹ عظیم ہے) اُنھوں نے یہ فقرہ دو مرتبہ استعمال کیا۔ جس سے عدالت عظمیٰ کے مذاق اُڑانے کا احساس ہوتا۔ انیل وج نے ہندی زبان میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”اگر وہ (سپریم کورٹ) اپنی مرضی ہو تو 29 جولائی 2014 ءکی آدھی رات کو اپنے دروازے کھول دیتا ہے تاکہ 1993 ءکے سلسلہ وار دھماکوں کے ایک مجرم یعقوب میمن کو پھانسی پر چڑھاتے ہوئے سزائے موت میں تاخیر کرنے کی غرض سے ایک اپیل پر سماعت کی جاسکے اور اگر وہ چاہتے تو رام مندر کے مسئلہ پر سماعت کے لئے بھی کوئی تاریخ دے سکتا ہے جس کے لئے کروڑوں ہندوستانی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ مہان ہے“۔ واضح رہے کہ یعقوب میمن کی سزا سے متعلق ایک اپیل 29 جولائی 2014 ءکو نہیں بلکہ 30 جولائی 2015 ءکو سپریم کورٹ میں آدھی رات سے رات کے پچھلے پہر تک سماعت کی گئی تھی۔ ہریانہ کے وزیر صحت انیل وج نے امبالہ میں بھی اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایسا ہی تبصرہ کیا۔ ’عدالت عظیم ہے وہ یعقوب میمن کیس کی سماعت کے لئے آدھی رات تک جاگ سکتی ہے اور رام جنم بھومی ملکیت مقدمہ کی سماعت کے لئے تین ماہ کی توسیع بھی کرسکتی ہے جبکہ کروڑوں ہندوستانی اس کے لئے انتظار کرتے رہیں“۔ وج نے کہاکہ ملک کے ہر گوشے کے عوام مرکزی حکومت سے چاہتے ہیں کہ اس ضمن میں ایک آرڈیننس جاری کرے تاکہ ایودھیا میں بعجلت ممکنہ رام مندر تعمیر کی جاسکے۔ ہریانہ کے یہ وزیر متنازعہ ریمارکس کے معاملہ میں نئے نہیں ہیں۔ قبل ازیں ایسے ہی ایک متنازعہ ریمارک میں اُنھوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کا تقابل نیپا وائرس سے کیا تھا۔ اُنھوں نے عوام کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ بیف کے بغیر زندہ رہ سکتے تو ہریانہ میں داخل نہ ہوں۔