بی جے پی سے دلبرداشتہ شیو سینا کے قدم این سی پی کی طرف! کیا کانگریس کرے گی حمایت؟

مہاراشٹر میں بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان جاری تلخیوں کے درمیان سیاسی ماہرین اب اس بات پر غور کرنے کے لیے مجبور ہیں کہ کیا شیوسینا-این سی پی حکومت سازی کے لیے قدم آگے بڑھا سکتی ہے۔ اس سوچ کو اس وقت مزید قوت ملی جب مہاراشٹر کے معروف لیڈر اور کانگریس رکن پارلیمنٹ حسین دلوئی نے پارٹی قومی صدر سونیا گاندھی کو خط لکھ کر انھیں مشورہ دیا کہ شیوسینا کی حمایت کرنا بہتر قدم ہوگا۔

حسین دلوئی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سال 2007 میں ہوئے صدارتی انتخاب میں شیو سینا نے کانگریس امیدوار پرتبھا پاٹل کی حمایت کی تھی اور 2012 کے صدارتی انتخاب میں اس نے کانگریس امیدوار پرنب مکھرجی کی بھی حمایت کی تھی۔ علاوہ ازیں 1980 کے انتخاب میں بھی شیوسینا نے کانگریس کا تعاون کیا تھا، اس لیے آج بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے مقصد سے کانگریس کو چاہیے کہ وہ شیوسینا کی حمایت کرے۔


حسین دلوئی کے علاوہ بھی مہاراشٹر میں بی جے پی مخالف پارٹیوں کے کئی لیڈران نے این سی پی-شیوسینا-کانگریس اتحاد بنانے کے لیے راستہ تلاش کرنا شروع کر دیا ہے۔ حالانکہ جمعہ کے روز مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ساتھ سونیا گاندھی کی ہوئی میٹنگ کے بعد اس طرح کی خبریں باہر آئیں کہ کانگریس فی الحال ’دیکھو اور انتظار کرو‘ کی پالیسی پر کام کرے گی اور بی جے پی و شیوسینا کا اتحاد ٹوٹنے کے بعد ہی باضابطہ کوئی اعلان کرے گی۔

سینئر لیڈروں کے سونیا گاندھی سے میٹنگ کے بعد سیاسی سرگرمیاں مہاراشٹر میں مزید تیز ہو گئیں اور پھر این سی پی ترجمان نواب ملک کا ایک بیان سامنے آیا جو بی جے پی کے لیے کافی فکر انگیز ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر بی جے پی اور شیو سینا اتحاد مہاراشٹر میں حکومت نہیں بناتی ہے تو این سی پی حکومت سازی کا دوسرا راستہ تلاش کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی پارٹی ان کے لیے اچھوت نہیں ہے۔ ظاہر ہے کہ این سی پی کو اگر موقع ملے گا تو وہ شیو سینا کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہو جائے گی۔


مہاراشٹر اس وقت سب سے زیادہ پاور فُل کوئی لیڈر نظر آ رہا ہے تو وہ ہیں شرد پوار۔ این سی پی سربراہ شرد پوار اس وقت اپنے تجربے کا پورا استعمال کر رہے ہیں۔ ایک طرف تو انھوں نے یہ کہہ رکھا ہے کہ عوام نے انھیں اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے تو وہ اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کریں گے، اور دوسری طرف سنجے راؤت کے ساتھ ملاقات کر کے سیاست میں گرمی پیدا کر دی ہے۔ سنجے راؤت اور شرد پوار کے درمیان ملاقات جمعہ کے روز ہوئی جس کے کئی معنی سیاسی ماہرین نکال رہے ہیں۔ حالانکہ شرد پوار نے اس ملاقات کے بعد بھی یہی کہا ہے کہ بی جے پی-شیوسینا کو حکومت بنانی چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے شیوسینا کے ذریعہ وزیر اعلیٰ عہدہ کے مطالبہ کو صحیح ٹھہرا دیا۔ انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’’اگر بی جے پی کو حکومت سازی کرنی ہے تو چاہیے کہ وہ جھکے اور وزیر اعلیٰ عہدہ شیو سینا کے ساتھ بانٹے۔‘‘


اس پورے معاملے میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور بی جے پی لیڈران بہت محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ حالانکہ کئی بار وہ شیوسینا سے کوئی تلخی نہ ہونے کی بات کہہ چکے ہیں لیکن اس بات پر وہ رضامند نہیں ہیں کہ شیوسینا سے کوئی وزیر اعلیٰ بنے۔ یہی ایک بات ہے جس پر شیوسینا بضد ہے اور بی جے پی کا کھیل خراب ہو رہا ہے۔ جمعہ کے روز شیوسینا اس وقت مزیدناراض ہو گئی جب ایک بی جے پی لیڈر سدھیر منگنٹیوار نےشیوسینا کو دھمکی دے ڈالی کہ اگر 7 نومبر تک اس نے بی جے پی کے ساتھ حکومت نہیں بنائی تو ریاست میں صدر راج نافذ ہو جائے گا۔ 2 نومبر کے’سامنا‘ میں شیوسینا نے اس بیان پر اپنی ناراضگی کا کھل کر اظہار بھی کیا اور بی جے پی کو پھٹکار بھی لگائی۔


جس طرح کے بیانات مختلف سیاسی پارٹی لیڈران کے ذریعہ اس وقت سامنے آ رہے ہیں، وہ مہاراشٹر میں تذبذب کی حالت پوری طرح ظاہر کر رہے ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شیوسینا اور بی جے پی اتحاد ٹوٹتا ہے تو این سی پی حکومت سازی کے لیے ضرور آگے آئے گی اور شیوسینا کو وزیر اعلیٰ عہدہ بھی مل جائے گا۔ لیکن 56 سیٹوں والی شیو سینا اور 54 سیٹوں والی این سی پی کے ملنے سے حکومت سازی ممکن نہیں، اور ایسے وقت میں قوی امکان ہے کہ 44 سیٹوں والی کانگریس باہر سے حمایت کر دے۔ ایسا اس لیے بھی کیونکہ اسمبلی الیکشن کے دوران کانگریس نے این سی پی کے ساتھ اتحاد قائم کیا تھا۔ ایسا کرنے سے کانگریس کے اوپر شیوسینا کے ساتھ ہاتھ ملانے کا داغ بھی نہیں لگے گا اور بی جے پی کی ریاست سے چھٹی بھی ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 288 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں اسمبلی انتخاب کا نتیجہ گزشتہ 24 اکتوبر کو ہی برآمد ہو چکا ہے اور بی جے پی کو 105 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ اس کی اتحادی پارٹی شیوسینا کو 56 سیٹیں ملی ہیں، لیکن اس کا کہنا ہے کہ اتحاد سے قبل بی جے پی نے 50-50 فارمولہ اختیار کرنے کی بات کہی تھی جس سے اب وہ پیچھے ہٹ رہی ہے۔ شیو سینا کا مطالبہ ہے کہ بی جے پی تحریری طور پر یہ دے کہ شیو سینا سے 2.5 سال کا وزیر اعلیٰ بنے گا اور 2.5 سال کے لیے وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا۔ لیکن بی جے پی کو یہ منظور نہیں اور یہی وجہ ہے کہ مہاراشٹر میں سیاسی گرمی ابھی عروج پر ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading