بی جے پی سے دستور ہند اور جمہوریت کو بچانا ضروری

1996کی تاریخ کو 2019ء میں دوہرایا جائے گا ‘ دیوے گوڑا سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات

بنگلور۔8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے آج بنگلور میں سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی سے ملاقات کے بعد کہا کہ بی جے پی سے دستور ہند اور ملک کی جمہوریت کو بچانا ضروری ہوگیا ہے ۔ بی جے پی نے جمہوری اداروں کو تباہ و برباد کردیا ہے ۔ صرف اپوزیشن پارٹیاں ہی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف متحد ہوسکتی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو ‘ دیوے گوڑا اور ان کے فرزند کمارا سوامی نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کا تقاضہ یہی ہے کہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوجائیں اور مشترکہ طور پر وزارت عظمی کے امیدوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ بعد ازاں کیا جاسکتا ہے ۔ سردست بی جے پی کے خلاف مضبوط صف بندی کی ضرورت ہے ۔ شام 4بجے چندرا بابو نائیڈو نے جنتادل سیکولر کے صدر دیوے گوڑا سے ان کی رہائش گاہ پدمنابھ نگر میںملاقات کی ۔ نائیڈو نے کہا کہ اپوزیشن کو متحد ہونا اس لئے ضروری ہے کیونکہ قومی ادارے جیسے ریزرو بینک آف انڈیا اور سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن نے اپنے فرائض سے سمجھوتہ کرلیا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اپنے خودمختارانہ موقف کو حکومت کے سامنے گروی رکھ دیا ہے ۔ ایسے ہی واقعات نے اپوزیشن کو متحد کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت کی نوٹ بندی پالیسی پر بھی شدید تنقید کی ۔ آج نوٹ بندی کی دوسری برسی منائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ناقص مشورہ کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading