الہ آباد: الہ آباد سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی کی پوتی کی پٹاخے سے جھلس جانے کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔ ریتا بہوگنا جوشی کے بیٹے میانک کی 8 سالہ بیٹی دیوالی کی رات پٹاخے کی وجہ سے جھلس گئی تھی، جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دیوالی کے موقع پر ریتا بہوگنا جوشی کا کنبہ الہ آباد میں تھا۔ دیوالی کی رات بچی دوسرے بچوں کے ساتھ چھت پر پٹاخے جلانے کے لئے گئی تھی۔ بچی نے فینسی ڈریس پہنی ہوئی تھی، جس نے پٹاخے کی آگ پکڑ لی۔ اس حادثہ میں بچی تقریباً 60 فیصد جل گئی۔ اس کا علاج ایک نجی اسپتال میں کرایا گیا لیکن اس کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ بچی کو آج ہی ایئر ایمبولنس کے ذریعے دہلی منتقل کیا جانا تھا لیکن اس سے پہلے ہی علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔