بھوپال,:بہت افسوس کے ساتھ یہ خبر دی جا رہی ہے کی بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر بشیر بدر آج بروزِ جمعرات عید الاضحی کے دن بھوپال انڈیا میں انتقال فرما گئے ہیں۔۔ اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْن۔
ڈاکٹر صاحب کافی عرصہ سے بیمار تھے۔اس عظیم سانحہ پر اہلِ ادب بہت مغموم ہیں،اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
تفصیلات کے مطابق مشہور شاعر بشیر بدر کا 91 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر لاکھوں مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہیں جدید غزل کا استاد مانا جاتا تھا۔ ادب کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں پدم شری سے بھی نوازا گیا تھا۔
بشیر بدر کی پیدائش 15 فروری 1935 کو ایودھیا میں ہوئی تھی۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور پی ایچ ڈی مکمل کی، اور وہیں اردو کے پروفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
بدر صاحب کو عام بول چال کی سادہ، رومانوی اور بے حد اثر انگیز زبان میں غزلیں لکھنے کے لیے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے غزل کی صنف میں کئی نئے اور عوامی زبان کے الفاظ کو شامل کرکے اسے ایک نئی جہت عطا کی۔