
پٹنہ: بہار میں اسمبلی انتخابات کے نزدیک آتے ہی سیاسی پارٹیوں میں ہلچل تیز ہوگئی ہے ۔ اب آر جے ڈی اور جے ڈی یو سمیت دیگر پارٹیوں کی مشکلات بڑھانے کیلئے انتخابی میدان میں یو ڈی ایس اے اتحاد کی انٹری ہوچکی ہے ۔ الیکشن سے پہلے بہار میں ایک اور نیا اتحاد بن گیا ہے ۔ اے آئی ایم آئی ایم اور سماجوادی جنتا دل ڈیمو کریٹک ( ایس جے ڈی ڈی ) کے اتحاد کو ‘یو ڈی ایس اے الائنس ‘کا نام دیا گیا ہے ۔ مانا جارہا ہے کہ اویسی کی پارٹی اب بہار میں اپنا پاؤں جمانے کی کوشش میں مصروف ہوگئی ہے ۔بہار اسمبلی انتخابات کی پچ پر انٹری کرنے کے بعد اسد الدین اویسی نے بڑا بیان دیا ۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں اتحاد کو لے کر کئی اور پارٹیوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ یو ڈی ایس اے اتحاد دویندر پرساد کی قیادت میں بہار انتخابات لڑے گا ۔ ایسی پارٹیاں جو فرقہ واریت کے خلاف لڑنا چاہتی ہیں ، انکا خیر مقدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ہمیں ووٹ کاٹنے والے بتاتے ہیں ، لوک سبھا میں ان کا کیا حشر ہوا یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔ اویسی نے کہا کہ ہم ٹوینکل ٹوینکل لٹل اسٹار ہیں ، لیکن جنہوں نے بہار کے عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ کیا ، ان سے یہ سوال کیوں نہیں کیا جاتا ۔ اسد الدین اویسی نے اشاروں ہی اشاروں میں نتیش کمار پر حملہ بولا ۔اویسی نے کہا کہ ہمارا پرانا ریکارڈ بتاتا ہے کہ ہم کسی سے نہیں ڈرتے ، ہم الیکشن لڑیں گے ۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ مسلم ووٹروں پر کسی کا حق نہیں ہے ۔ یہ کوئی دعویٰ کرتا ہے تو کس حیثیت سے کرتا ہے ، یہ سمجھ میں نہیں آتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ایک مذہب کی سیاست نہیں کرتے ہیں ، ہم پر جو الزامات لگائے جاتے ہیں وہ غلط ہیں ۔ اے آئی ایم آئی ایم اور سماجوادی جنتا دل اتحاد کو یو ڈی ایس اے ایلائنس کا نام دیا گیا ہے ۔
آر جے ڈی کے ذریعہ اہمیت نہیں دئے جانے پر اویسی نے کہا کہ ہم تو ٹوینکل ٹوینکل لٹل اسٹار ہیں ، لیکن بہار کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون کون کس کو اہمیت دے رہا ہے ۔ شیو سینا پر نشانہ سادھتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ کانگرس آج شیو سینا کی گود میں بیٹھی ہے ۔ کانگرس خود کو سیکولرازم کا ٹھیکیدار سمجھتی ہے ۔ کانگرس کی سوچ جاگیردارانہ ہے ۔ کانگرس کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔