پٹنہ 11 نومبر ( یواین آئی ) بہار میں اس بار اسمبلی انتخاب میںاتری 26 خواتین نے جیت کا پرچم بلند لہرایا ۔اس بار کے انتخاب میں 3733 امیدوار انتخابی میدان میں تھے ، جن میں محض 370 خواتین تھیں ، جو کل امیدواروں کا محض9.91 فیصد ہے ۔ اس انتخاب میں محض 26 خواتین منتخب ہوئی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ٹکٹ پر سب سے زیادہ نو خواتین انتخاب جیت کر اسمبلی پہنچی ہیں۔ وہیں جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کی چھ ، راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کی سات خواتین جیتنے میں کامیاب رہی ہیں ۔
اسی طرح کانگریس کی دو ، ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) اور ویکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کی ایک ۔ ایک خاتون امیدوار نے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے ۔خواتین کی ہمدردی کا دعویٰ کرنے والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) نے اس بار کے انتخاب میں 37 خواتین کو ٹکٹ دیا تھا۔ این ڈی اے میں شامل جے ڈی یونے سب سے زیادہ 22 ، بی جے پی نے 13 ہم اور وی آئی پی نے ایک۔ ایک خاتون کو ٹکٹ دیا ۔ ان میں سے بی جے پی سے نو خواتین رینودیوی ، شریہ سی سنگھ ، نکی ہیمبرم ، کویتادیوی ، رشم ورما ، گائتری دیوی ، نشا سنگھ ، بھاگیرتھی دیوی اور ارونا دیوی نے جیت حاصل کی ہے ۔ اسی طرح جے ڈی یو سے چھ خواتین امیدوار مینا کماری ، لیثی سنگھ ، شالینی مشرا، شیلا کماری ، بیمار بھارتی ، اور وینا بھارتی نے جیت حاصل کی ہے ۔ ہم کے ٹکٹ پر جیوتی دیوی جبکہ وی آئی پی کے ٹکٹ پر سورنا سنگھ منتخب ہوئی ہیں۔