بھیونڈی (شارف انصاری):- بھوئی واڑہ پولیس اسٹیشن کی حد میں واقع پاور لوم علاقہ کے 72 گالا کے احاطے میں بنی ڈائینگ کے قریب واقع عمارت کی چھت پر ایک پاور لوم مزدور کا گلا ریت کر سفاک طریقے سے قتل کر دیا گیا اور اس کی شناخت مٹانے کیلئے لاش کو جلائے جانے کا حیرت انگیز معاملہ روشنی میں آیا ہے ۔ پولیس نے مقتول مزدور کے بڑے بھائی کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ اس واردات سے پورے علاقے میں زبردست سراسیمگی پھیلی ہوئی ہے ۔

پولیس سے موصولہ معلومات کے مطابق 72 گالا کے احاطے میں واقع ڈائینگ کے قریب پاور لوم کارخانوں میں ملازمت کرنے والا مزدور سنترام جيسوال (42، بالاجی نگر بھیونڈی) دن کی ڈیوٹی ختم کے کے جب دیر رات تک کھولی نہیں پہنچا تب اس کے بھائی پنچرام جيسوال سمیت دیگر مزدور ساتھیوں نے اس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی ۔ اور جب مقتول کا بڑا بھائی پنچرام سمیت دیگر مزدور پاور لوم کارخانوں کے قریب واقع نیم تعمیر عمارت کی چھت پر ڈھونڈتے ہوئے پہنچے تب سنترام کی لاش پڑی دیکھ کر حیران رہ گئے ۔ نامعلوم ملزمان نے چاقو سے گلا ریت کر سنترام کی سفاکانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا اور لاش کی شناخت مٹائے جانے کیلئے لاش کو جلائے کی کوشش کی تھی ۔واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس ڈپٹی کمشنر، پولیس اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر بھوئی واڑہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر پوری ٹیم کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ گئے اور لاش کا پنچنامہ کر پوسٹ مارٹم کیلئے آئی جی ایم ہسپتال بھیج دیا ۔ جہاں سے مقتول کہ لاش کو آخری رسومات ادا کرنے کیلئے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر پجاری اس قتل معاملے کی تحقیقات کر رہے ہے ۔