بھینس چرانے کے الزام میں اعظم خان کے خلاف مقدمہ درج!

رامپور: سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان اعظم خان کی ایک عبوری ضمانت کی عرضی نامنظور ہونے کے بعد ان پر ایک بھینس چوری کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اعظم خان کے خلاف جمعرات کی شام آصف اور ذاکر علی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔

شکایت دہندگان نے الزام عائد کیا ہے کہ رکن پارلیمان اعظم خان نے دیگر 5 افراد کے ساتھ 15 اکتوبر 2016 کو ان کے گھر میں گھس کر مکان میں توڑ پھوڑ کی اور 25000 روپے مالیت کی ان کی بھینس کو چرا کر لے گئے۔

یہ مقدمہ اعظم خان، سابق سرکل آفیسر آل حسن اور دیگر 4 کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں 40 نامعلوم افراد پر الزام عائد کئے گئے ہیں۔ شکایت دہندگان نے کہا کہ اعظم خان نے ان سے گھوسیان یتیم خانہ کے نزدیک واقع ان کے گھر کو خالی کرنے کے لئے کہا تھا کیوں کہ انہیں اسکول کے لئے اس زمین کی ضرورت تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران اتر پردیش کی پولس و انتظامیہ کی جانب سے اعظم خان کے خلاف انتخابات کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے، زمین پر قبضہ کرنے، غیر قانونی طور پر املاک حاصل کرنے اور کتابیں چوری کرنے جیسے یکے بعد دیگرے تقریباً 50 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

اعظم خان کی جانب سے ان کے خلاف درج زمین ہڑپنے کے 29 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لئے درخواست دی تھی۔ ان میں سے 28 معاملات عالیہ گنج کے کسانوں کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر سے متعلق ہیں۔ بدھ کے روز ان کی درخواست ضمانت نامنظور کر دی گئی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading