بچے کی جنس کا اعلان کرنے کیلئے شیر کو دعوت

سوشل میڈیا پر اس وقت ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک نجی تقریب کے دوران شیر کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔دن بہ دن شادی بیاہ اور ننھے مہمان کی دنیا میں آمد سے متعلق رسم رواج میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔برائیڈل شاور، بے بی شاور کے بعد اب آنے والے بچے کی جنس کے انکشاف سے متعلق بھی باقاعدہ ایک تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے، اس کی ہی ایک مثال اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں سمندر کنارے، برج العرب ہوٹل کے قریب ایک تقریب منعقد کی گئی، تقریب کا مقصد جَلد ہی والدین بننے والے جوڑے کے گھر آنے والے ننھے مہمان کی جنس سے متعلق رشتہ داروں کا آگاہ کرنا تھا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کالا غبارا ہوا میں اڑایا جا رہا ہےجبکہ شیر اسے پکڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔شیر کے ناخن لگنے کے سبب غبارہ پھٹ جاتا ہے اور اِس کے اندر سے گلابی رنگ ہوا میں بکھر جاتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے نجی تقریب میں شیر کی موجودگی پر تنقید کی جا رہی ہے۔