ڈھاکہ، 17 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نجم الحسن نے کہاکہ وہ بنگلہ یش پریمیئر لیگ ٹوئنٹی۔20ٹورنامنٹ کی مقبولیت میں اضافہ کرنے کے لئے ہندستانی کرکٹروں کو کھلانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ ان سے رابطہ کریں گے۔
بی سی بی اپنی مشہورٹی۔20لیگ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پول میں ہندستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہتا ہے۔ بنگلہ دیش بورڈ نے ٹوئنٹی 20لیگ پر اپنا کنٹرول قائم کرلیا ہے جسے 2011میں شروع کیا گیا تھا۔ بورڈ اب آنے والے سیشن میں فرینچائزیوں کی تعداد بھی کم کرنے پر غور کررہا ہے۔
بی سی بی کے صدر نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ بورڈ ہندستانی کرکٹروں کوکھلانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان ہندستانی کرکٹروں کو لیگ میں کھلانا چاہتے ہیں جو بی سی سی آئی کے مرکزی معاہدہ سے باہر ہیں۔ ہمیں نہیں پتہ کہ ہم ہندستانی کرکٹروں کو بی پی ایل کے اس سیشن میں کھلاپائیں گے یا نہیں لیکن امید ہے کہ مستقبل میں ایسا ضرور ہوگا۔
ابھی تک تین ہندستانی کرکٹر مانوندر سنگھ، تیز گیند باز منپریت گونی اور راجستھان رائلس کے سابق کھلاڑی کمار بوریسا کو نئے سیشن کے لئے نامزد 439 بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ بی پی ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں میں 95انگلش، 89پاکستانی اور 44سری لنکائی کرکٹر شامل ہیں۔
ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ عام پر اپنے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ کے علاوہ کسی اور ٹوئنٹی۔20لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ گونی اور سابق کھلاڑی یوراج سنگھ اس برس گلوبل ٹی۔ 20کناڈا لیگ میں کھیلنے اترے تھے۔