بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کے بعد جاپان کے وزیر اعظم نے بھی کیا ہندوستان کا دورہ رَد

شہریت قانون میں ترمیم کے خلاف جاری احتجاجی مظاہرہ کے درمیان جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے ہندوستان کا دورہ رد کر دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرس نے لوکل میڈیا کے حوالے سے اس بات کی اطلاع دی۔ قابل ذکر ہے کہ نو منظور شدہ شہریت قانون کے خلاف ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں اور اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم نے اپنا دورہ غالباً اسی کو دیکھتے ہوئے منسوخ کیا ہے۔


شنزو آبے کا ہندوستانی دورہ رد کیے جانے کی خبریں جب ہندوستانی میڈیا میں پھیلیں تو اس تعلق سے ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے وضاحت کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’یہ دورہ دونوں ممالک کے آپسی اتفاق سے ہوا ہے اور جلد ہی دونوں ممالک ایک بار پھر آپسی اتفاق سےدورہ کے لیے کوئی تاریخ طے کریں گے۔‘‘ چونکہ اس ٹوئٹ میں دورہ رد ہونے کی وجہ کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان میں شہریت قانون 2019 کے پیش نظر جاری ہنگامہ آرائی کی وجہ سےہی شنزو آبے کا دورہ رد کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل راجیہ سبھا سے شہریت ترمیمی بل (سی اے بی) پاس ہونے کے بعد بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے اس قدم پر افسوس ظاہر کیا تھا۔ بعد ازاں جمعرات کو انھوں نے اپنا دورۂ ہند بھی منسوخ کر دیا تھا۔ حالانکہ ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اس دورۂ کے منسوخ ہونے کو سی اے بی سے جوڑ کر نہ دیکھا جائے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading