پٹنہ:14/ نومبر ۔ (ورق تازہ نیوز)انتخابات کی گنتی شروع ہو چُکی ہے، اور ابتدائی رحجانات میں حکومت سازی کی دوڑ میں National Democratic Alliance (NDA) واضح برتری پر نظر آ رہی ہے۔
بہار الیکشن نتائج 2025: ابتدائی رجحانات کے مطابق جے ڈی یو کی ریکارڈ توڑ برتری، این ڈی اے کو شاندار اکثریت
بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے تازہ رجحانات کے مطابق، این ڈی اے نے شاندار اکثریت کے ساتھ یکطرفہ برتری حاصل کر لی ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق جے ڈی یو 83 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ بی جے پی 80 نشستوں پر اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ایل جے پی 22 نشستوں پر سبقت میں ہے، اور یوں این ڈی اے مجموعی طور پر 189 نشستوں پر آگے ہے۔
دوسری جانب، تیجسوی یادو اور راہول گاندھی کی قیادت میں لڑنے والی مہا گٹھ بندھن کو بڑا دھچکہ لگا ہے۔ آر جے ڈی محض 33 نشستوں پر آگے ہے، جبکہ کانگریس 6 نشستوں پر سبقت رکھے ہوئے ہے۔ بائیں بازو کی جماعتوں کو 7 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ اس طرح مہا گٹھ بندھن مجموعی طور پر 47 نشستوں پر ہی آگے ہے۔
یہ نتیجہ نتیش کمار کے لیے ایک جذباتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے اور بہار میں ایک بار پھر “نتیش کمار” کے نعرے گونجنے لگے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے عائد کیے گئے اینٹی اِنکمبنسی اور ووٹ چوری کے الزامات کا نتائج پر کوئی خاص اثر ہوتا نظر نہیں آ رہا۔