بریکینگ نیوز:ریاست مہاراشٹر میں اب دکانیں، ہوٹلز اور دیگر تجارتی ادارے 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت

ممبئی:2/ اکتوبر ۔( ورق تازہ نیوز)ریاست مہاراشٹر میں اب دکانیں، ہوٹلز اور دیگر تجارتی ادارے 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت نے نیا حکمنامہ جاری کیا ہے۔ البتہ شراب فروخت کرنے والی اور شراب پیش کرنے والی دکانوں کو اس رعایت سے باہر رکھا گیا ہے۔ اب تک ممبئی کو ہی "کبھی نہ سونے والا شہر” کہا جاتا تھا، لیکن اب پورے مہاراشٹر میں دکانیں اور ہوٹلز دن رات کھلے رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔

حکومت نے باقاعدہ طور پر ریاست میں نائٹ لائف شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے صنعت محکمہ کی جانب سے جاری سرکاری فیصلے کے مطابق ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کھانے پینے کے مراکز اور دیگر تجارتی ادارے 24 گھنٹے کھلے رہ سکیں گے، تاہم بار، پرمٹ روم، ہُکّہ پارلر، ڈانس بار، دیسی بار اور شراب فروخت کرنے والے دیگر ادارے اس کے دائرے سے باہر رہیں گے۔

ملازمین کو ہفتہ وار چھٹی

مہاراشٹر دکان و تجارتی ادارے (ملازمت اور خدمات کی شرائط کے ضابطے) قانون 2017 کی دفعہ 2(2) کے تحت "دن” کی تعریف نصف شب سے شروع ہونے والے 24 گھنٹوں پر مشتمل مدت کے طور پر کی گئی ہے۔ اسی قانون کی دفعہ 16(1)(خ) کے مطابق ادارے ہفتے کے تمام دن کاروبار کے لیے کھلے رہ سکتے ہیں، تاہم وہاں کام کرنے والے ہر ملازم کو ہفتے میں مسلسل 24 گھنٹے آرام یعنی ہفتہ وار چھٹی دینا لازمی ہوگا۔

قانون کی دفعات کے مطابق صرف وہی ادارے جن میں شراب فروخت یا پیش کی جاتی ہے جیسے پرمٹ روم، بیئر بار، ڈانس بار، ڈسکوتھیک، ہُکّہ پارلر وغیرہ، ان کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات طے شدہ ہیں۔ دیگر تمام اداروں کو 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

شراب فروش ادارے مستثنیٰ

ریاستی حکومت نے واضح کیا ہے کہ 19 دسمبر 2017 کو جاری نوٹیفکیشن کے تحت شراب فروخت کرنے اور پیش کرنے والے اداروں کے لیے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات پہلے ہی مقرر ہیں، لہٰذا ایسے ادارے 24 گھنٹے کھلے نہیں رہ سکیں گے۔حکومت کے جاری کردہ حکمنامہ کی کاپی حسب ذیل ہے

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading