برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے نائب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث تین ہفتوں تک کام پر نہ جانے کے بعد وزیرِ اعظم اب دفتر میں واپسی کے لیے بے تاب ہیں۔
وزیرِ اعظم جانسن ایک ہفتہ ہسپتال میں بشمول تین راتیں انتہائی نگہداشت میں گزارنے کے بعد کل سے ڈاؤننگ سٹریٹ میں کُل وقتی فرائض دوبارہ سنبھالیں گے۔
ان کی غیر موجودگی میں ان کی نیابت کرنے والے سیکریٹری خارجہ ڈومینیک راب نے بی بی سی کے اینڈریو مار کو بتایا کہ ان کی واپسی سے ‘عوام کا حوصلہ بڑھے گا۔’
طبی مشورے پر وزیرِ اعظم جانسن اپنی سرکاری رہائش گاہ چیکرز پر کوئی باضابطہ کام نہیں کر رہے۔
مگر گذشتہ ہفتے انھوں نے ملکہ برطانیہ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کی اور اس کے علاوہ وبا پر برطانیہ کے ردِعمل کا اگلے مرحلہ متعین کرنے کے لیے سینیئر وزرا سے ملاقات بھی کی۔