نئی دہلی:(ورق تازہ نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر بارش کی سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کئی ریاستوں میں موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش کا ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔مہاراشٹر میں یکم جولائی سے 8 جولائی تک اچھی بارش کے بعد کسانوں نے کھیتی کی بوائی کی تھی، لیکن اس کے بعد تقریباً دس دن تک بارش نہ ہونے سے فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
اب گزشتہ دو دنوں سے ریاست کے مختلف علاقوں میں دوبارہ بارش شروع ہونے سے کسانوں کو بڑی راحت ملی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق اتر پردیش، بہار، دہلی، راجستھان، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں 80 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے، جبکہ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔مہاراشٹر میں بھی آئندہ چند دنوں کے دوران بارش میں مزید شدت آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پونے، ستارا، سولہاپور اور اہلیہ نگر اضلاع کے لیے موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کئی اضلاع میں بھی اچھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق 20 جولائی سے مہاراشٹر میں بارش کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ محکموں اور شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔