ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز)موسم برسات کا آغاز ہوئے ڈیڑھ ماہ بیت چکا ہے، لیکن ہمارے علاقہ مراٹھواڑہ اور بالخصوص شہروضلع ناندیڑ میں اب خاطرخواہ بارش نہیں ہونے کی وجہ سے پورے علاقے میں پینے کے پانی سے لے کر جانوروں کے چارے تک کے مسائل کھڑے ہوگئے ہیں۔ ہرشخص اس بات کو لے کر تشویش کا اظہار کررہا ہے ، ندی نالے سوکھے پڑے ہیں۔ کنویں اور بورخشک ہوچکے ہیں، آسمان سے سورج کی تپش نے مخلوق خدا کو پریشان کردیا ہے۔ اگر مزید کچھ دنوں تک یہی حال رہا تو حالات بدسے بدتر ہوسکتے ہیں۔ ہم مسلمان جانتے ہیں کہ آسمان سے بارش کا رک جانا دراصل ہماری شامت اعمال کا نتیجہ ہے۔ ایسے میں ضروری ہوجاتاہے کہ ہم سب اللہ تبارک وتعالیٰ کی طرف رجوع کریں ، اپنے اعمال کو درست کریں۔ گناہوں پر شرمندہ ہوں، اور اللہ تعالیٰ سے رحمتوں والی بارش کے لئے دعاء کریں۔ اس سلسلے میں ۱۷؍جولائی بروز بدھ بعد نماز عصر علماء کرام کی ایک مجلس مشاورت دفتر صفاء بیت المال میں ہوئی،اور اس میں یہ طئے پایا کہ 20 جولائی 2019 بروز ہفتہ صبح 8:30 بجے عیدگاہ میدان دیگلور ناکہ ناندیڑ پر نماز استسقاء و دعاء میں اپنے بچوں اور پالتوجانوروں کے ساتھ نماز استسقاء میں شریک ہوں۔