بارامتی کے عوام نے ریکارڈ توڑ کر اجیت دادا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، سنیل تٹکرے کا عوام کو سلام
اسمبلی میں سنیترہ پوار کی تاریخی جیت، یہ ریکارڈ مدتوں یاد رکھا جائے گا
ممبئی: بارامتی اسمبلی ضمنی انتخاب میں غیر معمولی کامیابی پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے بارامتی کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ریکارڈ توڑ ووٹنگ کے ذریعے مرحوم لیڈر اور مہاراشٹر کے ترقی کے معمار اجیت دادا کو حقیقی معنوں میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک انتخابی نتیجہ نہیں بلکہ عوام کے جذبات اور محبت کا مظہر ہے۔
ممبئی میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے کہا کہ سنیترہ اجیت پوار نے 2 لاکھ 18 ہزار ووٹوں کی تاریخی برتری سے کامیابی حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 98 فیصد ووٹنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ بارامتی کے عوام پوری طاقت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے رہے اور اجیت دادا کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کرکٹ کی تاریخ میں سچن تندولکر کا ریکارڈ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اسی طرح سنیترہ پوار کی یہ کامیابی بھی اسمبلی کی تاریخ میں ایک مستقل ریکارڈ کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی پر سنیترہ پوار کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ عوام کے اعتماد اور محبت کا نتیجہ ہے۔
سنیل تٹکرے نے اجیت دادا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 11 بار بجٹ پیش کیا اور 6 بار نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں، جو خود ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیترہ پوار کا مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر تاریخ میں نام درج ہونا بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انتخاب نے ایک جذباتی اور تاریخی پیغام دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہوری ضمنی انتخاب سمیت ریاست میں عوام نے دیویندر فڑنویس، ایکناتھ شندے اور سنیترہ پوار کی قیادت والی مہایوتی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر رکن پارلیمنٹ پارتھ پوار، جے پوار اور بارامتی کے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے عہدیداروں کی انتخابی حکمت عملی کی بھی تعریف کی، جنہوں نے ووٹروں تک مؤثر طریقے سے پہنچ کر اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
سنیل تٹکرے نے قومی سطح کے انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت پر عوام کا اعتماد برقرار ہے اور اسی کی بنیاد پر مغربی بنگال میں پندرہ سال بعد بڑی سیاسی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، جو غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کی حکمت عملی اور مودی کی قیادت کا اثر پورے ملک میں نظر آ رہا ہے، جس کا اظہار مغربی بنگال، پدوچیری اور آسام کے نتائج میں بھی ہوا ہے۔ انہوں نے تمل ناڈو کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اقتدار کی تبدیلی کے دوران بی جے پی کے اتحادی اے آئی اے ڈی ایم کے نے بھی دوسری بڑی پارٹی کے طور پر جگہ بنائی، جو ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے للیتا کے انتقال کے بعد پارٹی کو درپیش چیلنجز کے باوجود یہ کامیابی امیت شاہ کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
اس پریس کانفرنس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے اور ریاستی نمائندہ سنجے تٹکرے بھی موجود تھے۔
NCP Urdu News1. 04 May 26.docx
