نئی دہلی، 7 جنوری (یواین آئی) بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں اتوار کو ہونے والے تشدد کے خلاف مظاہرہ کر رہے اسٹوڈنٹس کی حمایت اوراظہار یکجہتی کے لئے منگل کو جے این یو پہنچی۔
دیپکا کے ساتھ جے این یو کے سابق طلبا یونین صدر کنہیا کمار بھی تھے۔ یہ دونوں تحریک چلانے والے اسٹوڈنٹس کے پاس پہنچے اور ان سےحمایت کا اظہار کیا۔

اس سے پہلے منوج واجپئی، سورا بھاسکر، کونکنا سین، انوراگ کشیپ، رچا چڈھا، سونم کپور، جنیلیا دیشمکھ، رتیش دیش مکھ، دیا مرزا جیسی بالی ووڈ شخصیات نے بھی اپنے ٹویٹس کے ذریعہ جے این یو تشدد کے خلاف غم وغصہ کا اظہار کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام نقاب پوش افراد کی بھیڑ، جن میں مرد و خواتین بھی شامل تھے، نے جے این یو کے کیمپس کے اندر گھس کر ہاسٹل میں توڑ پھوڑ کی اور منصوبہ بند طریقے سے اسٹوڈنٹس کو تشدد کانشانہ بنایا۔ تشدد کے ان واقعات میں جے این یو طلبہ یونین صدر آئشي گھوش سمیت 30 دیگر طالب علم اور استاد زخمی ہو گئے۔