این آرسی میں مکمل شفافیت ،جانبداری کی گنجائش نہیں :وزارت خارجہ

نئی دہلی ،یکم ستمبر (یواین آئی)وزارت خارجہ نے کہاہے آسام میں شہریت کے قومی رجسٹر(این آرسی )کا پوراعمل سپریم کورٹ کی نگرانی میں مکمل کیاگیاہے اور یہ پوری طرح سے شفاف ہے اور اس میں کسی کے ساتھ جانبداری کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
وزارت خارجہ کے ذریعہ جاری کیے گئے ویڈیومیں وزارت کے ترجمان رویش کمار نے کہا،’’ این آرسی میں نام نہ ہونے سے آسام میں رہنے والے لوگوں کے حقوق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘‘
انھوں نے کہاکہ جن لوگوں کے نام این آرسی کی حتمی فہرست میں نہیں ہیں ،انھیں حراست میں نہیں لیاجائیگا اور وہ لوگ اس وقت تک پہلے کی طرح اپنے حقوق کا استعمال کرتے رہیں گے ،جب تک انکے عدالت سے رجوع کرنے کے سبھی راستے بندنہیں ہوجاتے ہیں ۔مسٹر کمار نے کہا،’’ یہ کسی بھی فرد کو ریاست سے بے دخل نہیں کرتاہے ۔یہ کسی بھی فردکو غیر ملکی قرارنہیں دیتاہے ۔جن لوگوں کے نام این آرسی کی فہرست میں نہیں ہیں ،انھیں پہلے سے حاحل حقوق سے محروم نہیں کیاجائیگا۔این آرسی میں نام شامل کرانے کے لیے دی گئی درخواستوں میں دیکھا جاسکتاہے کہ اس کے کسی بھی کالم میں درخواست کنندگان سے مذہب نہیں پوچھاگیاہے ۔جن لوگوں کے نام این آرسی کی فہرست میں نہیں ہیں ،وہ 120دن کے اندر متعلقہ ٹربیونل میں اپیل کرسکتے ہیں ۔‘‘

اپنی رائے یہاں لکھیں