بھانڈوپ، ممبئی . خانقاہ محفلِ منصوری، کھنڈی پاڑہ، بھانڈوپ، ممبئی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں بھانڈوپ کے مقامی شیوسینا ایم ایل اے اشوک پاٹل نے صوفی عبدالنعیم عطا شاہ ابوالعلائی دامت برکاتہم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نعیم میاں نے اسمبلی انتخابات میں اشوک پاٹل کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں حافظ سلطان صلاح الدین، نورالدین خان، معین الدین خان، نعیم میاں کے مریدین، معتقدین و متوسلین کے علاوہ مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نعیم میاں نے اشوک پاٹل کو دعا دیتے ہوئے کہا، "اللہ آپ کو عوام کی دی گئی ذمہ داری کو دیانتداری سے نبھانے کی توفیق عطا فرمائے اور آپ کو مزید ترقی اور کامیابی نصیب کرے۔”
ایم ایل اے اشوک پاٹل نے اپنے خطاب میں کہا، "نعیم میاں کی محبت اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، اور عوام کے ساتھ میرا رشتہ بے حد مضبوط رہا ہے۔ میں نے ہمیشہ ان کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو سمجھا اور حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئندہ پانچ سالوں میں بھانڈوپ کی مجموعی ترقی کے لیے انتھک محنت کروں گا، خاص طور پر سڑکوں کی خستہ حالی کو دور کرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بھانڈوپ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے وہ پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ نعیم میاں کی دعاؤں سے متاثر ہو کر انہوں نے بھانڈوپ کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔
یہ ملاقات اتحاد، خدمت اور ترقی کے جذبات کا مظہر تھی، جس نے بھانڈوپ کی ترقی کے لیے ایک نئی توانائی فراہم کی۔