ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، گیس پالیسی پ ر وزیر اعظم پارلیمنٹ میں بیان دیں: ہرش وردھن سپکال

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، گیس پالیسی پر وزیر اعظم پارلیمنٹ میں بیان دیں: ہرش وردھن سپکال

ممبئی/تریمبکیشور: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ میں واضح پالیسی بیان دینا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس نے عام عوام کو مہنگائی کے شدید بحران میں دھکیل دیا ہے۔

گیس کی قیمتوں میں اضافے اور قلت کے خلاف کانگریس پارٹی نے مہاراشٹر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس سلسلے میں تریمبکیشور میں ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں بھی احتجاج کیا گیا جس میں پارٹی کے لیڈران اور کارکنان نے بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کے دوران سپکال نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کر کے حکومت نے عام لوگوں کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورتحال کو جواز بنا کر عوام پر اضافی بوجھ ڈالنا درست نہیں اور حکومت کو فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی گیس کے معاملے پر وزیر اعظم کو تمام متعلقہ فریقوں سے بات چیت کر کے پارلیمنٹ میں واضح پالیسی پیش کرنی چاہیے۔

اس احتجاج میں ریاستی کانگریس کے نائب صدر راجارام پانگھوانے، شرد آہر، ریاستی جنرل سکریٹری برج دت، سندیپ پاٹل، پرکاش سوناونے، ناسک شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر آکاش چھاجیڈ، ناسک شمالی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر رمیش کہنڈال، ناسک جنوبی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر بھارت ٹاکیکر اور ترجمان ہنمنت پوار سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ اس وقت ملک میں گیس سلنڈر کی قلت ہو چکی ہے جبکہ پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی اس مسئلے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی پالیسیوں کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قلت کے ساتھ ساتھ تجارتی سلنڈر بھی دستیاب نہیں ہو رہے جس کے باعث چھوٹے کاروبار، ہوٹل اور کھانے پینے کے مراکز بند ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی بی جے پی مہایوتی حکومت ایک طرف خواتین کو مالی امداد دینے کے دعوے کرتی ہے لیکن دوسری طرف مہنگائی بڑھا کر انہی خواتین پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے اس طرزِ عمل سے عام گھریلو خواتین شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

ہرش وردھن سپکال نے اس موقع پر گیس ڈسٹری بیوٹر کے دفتر کا دورہ بھی کیا اور گیس لینے کے لیے آنے والی خواتین سے گفتگو کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔ خواتین نے گیس کی قلت اور قیمتوں میں اضافے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں نے روزمرہ زندگی کو مزید مہنگا اور مشکل بنا دیا ہے۔ کانگریس کے مطابق ریاست کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بھی اسی مسئلے پر احتجاج کیے گئے۔ ناگپور، پونے، تھانے، وردھا، بلڈھانہ، گونڈیا کے تروڈا، پالگھر، بھیونڈی، کلیان ڈومبیولی، دھاراشیو، چندرپور ضلع کے راجورا اور پنویل سمیت متعدد مقامات پر پارٹی کارکنان نے مظاہرے کر کے گیس کی قیمتوں میں اضافے اور قلت کے خلاف آواز بلند کی۔

MPCC Urdu News 13 March 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading