ایس ٹی کرایوں میں اضافے کے خلاف تھانے میں مہاوکاس اگھاڑی کا احتجاج
مرکزی و ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زوردار نعرے بازی
تھانے(آفتاب شیخ)
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کے کرایوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی نے تھانے کے کھوپٹ ایس ٹی ڈپو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس احتجاج میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ایس پی)، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے)، دھرمراجیہ پارٹی، شیتکری کامگار پارٹی (شیکاپ) اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے عہدیداران، کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مظاہرین نے مرکزی و ریاستی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی سے بدحال ہوچکی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور اب ایس ٹی کرایوں میں تقریباً 15 فیصد اضافہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کے لیے سفر مزید مشکل بنا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شر پوار گروپ کے قومی جنرل سکریٹری و سابق کابینی وزیر ڈاکٹر جتیندر اوہاد، تھانے شہر (ضلع) کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ وکرانت چوان، عام آدمی پارٹی کے ستیج سلوجا، شیکاپ کے ضلع صدر پرساد سالوی، یوتھ کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ آشیش گری، نیشنلسٹ یوتھ کانگریس کے صدر وکرم کھامکر، شیوسینا کوپری-پچپاکھڑی کے سربراہ کرشنا کولی، شیو سینا مہیلا اگھاڑی کی جیوتی تھانیکر، مہیلا کانگریس کی سمیتا ویتی، کانگریس ریاستی نمائندہ رمیش اندیشے، بھالچندر مہاڈک، نشیکانت کولی، ترجمان راہول پنگلے اور ہندو راؤ گلوے سمیت دیگر اہم رہنما و کارکنان موجود تھے۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی اور ایس ٹی کرایہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ بعد ازاں مہاوکاس اگھاڑی کے وفد نے ایس ٹی ڈپو منیجر کو ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں کرایوں میں اضافے کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ رہنماؤں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر فیصلہ واپس نہ لیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔
