اسرائیلی افواج نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائلوں کا ایک اور سلسلہ فائر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ یہ ہفتے کے روز ایران کی جانب سے اسرائیل کو نشانہ بنانے والی چھٹی لہر ہے۔
سنیچر کے روز دو گھنٹے سے بھی کم عرصے میں تین حملے کیے گئے تھے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان کا دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔
امریکہ ’کسی نہ کسی طرح‘ آبنائے ہرمز کو کھول لے گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’کسی نہ کسی طرح‘ ہم جلد ہی آبنائے ہرمز کو کھول کر اسے محفوظ اور آذاد کروا لیں گے۔
ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ ’وہ امید کرتے ہیں کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ اس اہم آبی گزرگاہ پر جنگی بحری جہاز بھیجیں گے تاکہ ایران کی طرف سے ’کوئی خطرہ نہ ہو۔‘
امریکی صدر نے مزید لکھا کہ بہت سے ممالک اس اہم آبی گزرگاہ کو ’کھلا اور محفوظ‘ رکھنے کے لیے جنگی جہاز بھیجیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس دوران امریکہ ’بمباری جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں اور بحری جہازوں کو پانی سے باہر نکال پھینکے گا۔‘