جموں و کشمیر تشکیل نو بل راجیہ سبھا سے پاس ہونے کے بعد محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ گرفتار
ایک طرف راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر تشکیل نو بل 61 کے مقابلے 125 ووٹوں سے پاس ہوا اور دوسری طرف ریاست کے سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو پولس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ خبروں کے مطابق دونوں ہی لیڈران جموں و کشمیر کو لے کر لگاتار حکومت کے فیصلوں کے خلاف بول رہے تھے جس کی وجہ سے انھیں اتوار کی شب نظر بند کیا گیا تھا، لیکن راجیہ سبھا سے جموں و کشمیر تشکیل نو بل پاس ہونے کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منگل کو لوک سبھا میں اس بل پر بحث ہونی ہے، اس لیے دونوں ابھی پولس حراست میں ہی رکھے جائیں گے۔
#JustIn: Former J&K chief ministers Mehbooba Mufti and Omar Abdullah arrested, says Officials — PTI
— The Hindu (@the_hindu) August 5, 2019
جموں و کشمیر: محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ گرفتار
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی خبریں یہ بھی آ رہی ہیں کہ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتوار کی دیر شب ان دونوں کو نظر بند کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی کو گرفتار کر گیسٹ ہاؤس لے جایا گیا ہے۔ ریاست سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کی تجویز کے بعد مرکزی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ دیگر لیڈروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
فضائیہ میں بھرتی کے دوران دیوار گرنے سے 15 امیدوار زخمی، تین کی حالت نازک
جالندھر: پنجاب کے ضلع جالندھر میں پنجاب مسلح پولیس(پی اے پی)کےمیدان میں چلنے والی فضائیہ میں بھرتی میں شامل ہونے کے لیے پہنچنےوالے نوجوانوں پر پیر کی صبح میدان میں دیوار گرنے کی وجہ سے تقریباً 15 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (شمال) ہرسمرت سنگھ نے بتایا کہ پی اے پی کے میدان میں ریاست کے 12 اضلاع سے متعلق نوجوانوں کے لیے آج سے بھرتی ریلی شروع ہوئی ہے۔ بھرتی کے لیے لائن میں کھڑے افراد پر میدان کی دیوار گرنے سے تقریباً 15 افراد زخمی ہوئےہیں۔ زخمیوں کواسپتال میں داخل کروایاگیا ہے۔ حادثے کے دوران زخمی اور عینی شاہد منیش باشندہ جہاں کھیلا ہوشیار پور نے بتایا کہ وہ جالندھر کے پی اے پی میں ایئرفورس بھرتی کے لیے اتوار کی رات ہی پہنچ گئےتھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آج صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے سے ہی میدان میں لائن میں کھڑے ہو گئے تھے لیکن شدید بھیڑ ہونے کی وجہ سے وہ دیوار کے ساتھ ساتھ کھڑے تھے۔
مغربی بنگال: بی جے پی لیڈر کا قتل کرنے کے بعد لاش درخت سے لٹکائی گئی
کولکاتا: پرولیا کے بعد اب مغربی مدنی پور ضلع کے پنگلا میں 19 سالہ بی جے پی ورکر کی لاش ایک درخت سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔ 19سالہ پنتو منا جو نارن دیگھی کے پنگلا کے رہنے والے ہیں۔ اس واقعے کے خلاف بی جے پی احتجاج کر رہی ہے۔ بی جے پی نے الزام عاید کیا ہے کہ منا کے قتل کے پیچھے ترنمول کانگریس کے غنڈوں کا ہاتھ ہے۔ بی جے پی نے الزام عاید کیا کہ منا کو قتل کرنے کے بعد ترنمو ل کانگریس کے غنڈوں نے درخت سے لٹکا دیا ہے۔ دوسری جانب ترنمو ل کانگریس نے کہا کہ یہ واقعہ آپسی رنجش کا نتیجہ ہے اور اس کو بی جے پی سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ مقتول کے اہل خانہ نے الزام عاید کیا ہے حکمراں جماعت نے منصوبے کے تحت یہ قتل کو انجام دیا ہے۔
تین طلاق دینے کے بعد شوہر مشکل میں، سنگین دفعات کے تحت کیس درج
پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ جیٹھوارہ پولس نے تین طلاق قانون کے نفاذ کے بعد پہلی مرتبہ اہلیہ کو ایک ساتھ تین طلاق دینے پر شوہر کے خلاف اتوار کی شام سنگین دفعات میں کیس درج کیا ۔ ایس ایچ او ونود یادو نے اس سلسلے میں بتایا کہ پرمین نے دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ اس کی شادی چھ سال قبل نیاز عرف ببلو ساکن چمرو پور پٹھان کے ساتھ ہوئی تھی۔ اس کا ایک تین سال کا بیٹا ہے۔ سسرال والے اب کار کا مطالبہ کر اس کے ساتھ مار پیٹ کرتے رہتے ہیں۔ ہفتہ کو اس کے ساتھ مارماپیٹ کی گئی۔ جب اس کے والد ارمان نے ثالثی کے کوشش کی تو ایک ساتھ تین طلاق بول دیا گیا۔ اس شکایت پر نیاز عرف ببلو و دیگر سسرال والوں کے خلاف 498 اے۔3/4 ڈی پی ایکٹ۔504/506 تعزیرات ہند و مسلم یومین پروٹیکشن آف رائٹس و میرج ایکٹ 2019 کی دفعہ 4 کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے 2 اور کانگریس کے 1 راجیہ سبھا رکن کا استعفیٰ
سماجوادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سریندر ناگر اور سنجے سیٹھ نے ایوان کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کانگریس کے بھونیشور کلیتا نے بھی راجیہ سبھا سے استعفیٰ کا خط ایوان کے چیئرمین ونکیا نائیڈو کو بھیجا۔ اس سلسلے میں آج صبح ونکیا نائیڈو نے بتایا کہ انھیں ان اراکین پارلیمنٹ کا استعفیٰ نامہ موصول ہوا ہے اور انھوں نے اسے منظور کر لیا ہے۔
Rajya Sabha Chairman Venkaiah Naidu earlier today: I have received letters of resignation from Surendra Nagar, Sanjay Seth(SP MPs) and Bhuvneshwar Kalita(Congress). Resignations have been accepted. pic.twitter.com/3qmSETLRKt
— ANI (@ANI) August 5, 2019
ایودھیا تنازعہ کی براہ راست نشریات پر انتظامی سطح پر غور ہوگا
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایودھیا میں بابری مسجد- رام جنم بھومی زمینی تنازعہ کی سماعت کی براہ راست نشریات کے مطالبے سے متعلق پٹیشن کو پیر کے روز نوٹیفائڈ کرنے سے انکار کر دیا، لیکن اس معاملے پر انتظامی سطح پر غور کیے جانے کی یقین دہانی کرائی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رہنما اور آر ایس ایس کے وچارک کے این گووند اچاریہ نے ایودھیا معاملے کی سماعت کی براہ راست نشریات کا مطالبہ کیا ہے۔ گوونداچاریہ کی جانب سے سینئر وکیل وکاس سنگھ نے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی غیر موجودگی کی وجہ سے دیگر سینئر جج ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ کے سامنے معاملے کی خصوصی وضاحت کی۔ جسٹس بوبڈے نے کہا کہ سماعت کی براہ راست نشریات کے لئے ضروری آلات کا عدالت کے پاس انتظام نہیں ہے۔
ال پاسو میں ہلاک ہونے والوں میں چھ امریکی شامل
میکسکو سٹی: امریکی کے ٹیکساس میں ال پاسو شہر کے شاپنگ مال میں ہوئی گولی باری میں مارے گئے لوگوں میں میکسکو کے چھ شہری شامل ہیں۔ میکسکو کے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے اتوار کے روز کہا کہ ’’ال پاسو میں میکسکو کے چھ افراد کے ہلاک اور سات لوگوں کی زخمی ہونے کی تصدیق کی خبر کافی افسوسناک ہے۔ متاثرین کے اہل خانہ کے تئیں میری تعزیت۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد سے ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل آبراڈور نے کہا تھا کہ گولی باری میں میکسکو کے تین شہری مارے گئے ہیں۔
میکسکو کے وزیر خارجہ مارسولی ابرارڈ نے کل بتایا کہ ان کا ملک متاثرین کے کنبوں کی جانب سے قانونی قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے امریکہ میں رہائش پذیر میکسکو نژاد شہریوں کے لئے سخت سیکورٹی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ ال پاسو میں گولی باری کے واقعہ میں 20 لوگوں کی موت ہوگئی اور 26 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس تعلق سے ایک سفید فام شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں ال پاسو مہاجرین، خاص طور پر وسطی امریکہ سے آنے والے مہاجرین کے لئے سب سے مصروف دروازے بنا ہوا ہے۔
جموں و کشمیر میں تشویشناک حالات، سینسیکس میں سوا پانچ سو پوائنٹس کی گراوٹ
ممبئی: جموں و کشمیر میں بدلتے حالات کے پیش نظر ملکی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد ڈگمگا گیا اور زبردست فروخت کے درمیان سینسیکس میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ ممبئی اسٹاک مارکیٹ کا 30 شیروں والا انڈیکس سوا پانچ سو پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی تقریباً 148 پوائنٹس تک لڑھک گیا۔ مارکیٹ میں شروع سے ہی گراوٹ آئی ہے۔ سینسیکس 276.05 پوائنٹس گرگر 36842.17 پوائنٹس پر کھلا اور کچھ ہی دیر میں یہ 36593.32 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا۔ خبریں لکھے جانے تک سنسیکس گزشتہ کاروباری دن کے مقابلہ میں 446.36 پوائنٹس یعنی 1.20 فیصد کی گراوٹ میں 36671.86 پوائنٹس پر تھا۔
نفٹی بھی 101.45 پوائنٹس ٹوٹ کر 10895.80 پوائنٹس پر کھلا اور 10836.50 پوائنٹس تک نیچے چلا گیا، خبریں لکھے جانے تک نفٹی 10839.80 پوائنٹس پر تھا۔ سینسیکس میں آئی ٹی اور ٹیک کی تین کمپنیوں کو چھوڑ کر دیگر تمام 27 کمپنیوں کے شیئرز میں گراوٹ درج کی گئی تھی۔
کشمیر معاملے پر راجیہ سبھا میں 11 بجے، لوک سبھا میں 12 بجے بیان دیں گے وزیر داخلہ
وزیر داخلہ امت شاہ راجيہ سبھا میں 11 بجے اور لوک سبھا میں 12 بجے کشمیر میں چل رہی ہل چل پر جواب دیں گے، خبروں کے مطابق کشمیر مدے پر پارلیمنٹ کو تازہ حالات کے بارے میں معلومات دیں گے، اس دوران پی ایم مودی کے گھر چل رہی مرکزی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
