اہم خبر: 50-50 سے کم پر رضامند نہیں شیوسینا، بی جے پی سے چاہتی ہے تحریری یقین دہانی

مہاراشٹر: 50-50 فارمولہ پر تحریری یقین دہانی کے بعد ہی بی جے پی کو حمایت دے گی شیو سینا

شیو سینا نے مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے 50-50 کا فارمولہ ایک بار پھر سے اچھال دیا ہے۔ شیو سینا رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک نے شیو سینا سے وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب سے قبل 50-50 فارمولے پر بات ہوئی تھی۔ بی جے پی اور شیو سینا نے اتحاد کے دوران طے کیا تھا کہ ریاست میں پہلے 2.5 سال شیو سینا کا وزیر اعلیٰ ہوگا اور اس کے بعد اگلے ڈھائی سال بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا۔ پرتاپ نائک نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ادھو ٹھاکرے کو اس معاملے میں بی جے پی سے تحریری یقین دہانی لینی چاہیے۔


جے جے پی سربراہ دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ جلد ہوں گے جیل سے رہا!

جن نایک جنتا پارٹی سربراہ دشینت چوٹالہ کے والد اجے چوٹالہ آج شام یا کل صبح جیل سے باہر آ جائیں گے۔ اجے چوٹالہ کو دو ہفتے کے لیے تہاڑ جیل سے آزاد کیا جائے گا۔ تہاڑ جیل کے ڈی جی نے بتایا ہے کہ انھیں فرلو پر دو ہفتوں کی یہ آزادی ملے گی۔


پاکستان: سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آیا ’ہارٹ اٹیک‘، اسپتال میں چل رہا علاج

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 26 اکتوبر کو ہارٹ اٹیک آیا۔ پاکستان کے نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق یہ مائنر ہارٹ اٹیک تھا اور ابھی ان کی حالت مستحکم ہے۔ نواز شریف لاہور کے سروس اپستال میں داخل ہیں۔ پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ان کے اکو کارڈیولوجی اور الیکٹو کارڈیوگرام ٹسٹ ہوئے ہیں اور اس کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔


ہریانہ: بیک فُٹ پر آئی بی جے پی، گوپال کانڈا سے حمایت نہیں لینے کا اعلان

بی جے پی نے متنازعہ رکن اسمبلی گوپال کانڈا سے حمایت نہیں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا انکشاف بی جے پی کے سینئر لیڈر انل وز نے میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانڈا کو حکومت میں شامل کرنے کا سوال ہی نہیں ہے، ہم ان کی حمایت نہیں لے رہے ہیں۔‘‘


سابق بی ایس ایف جوان تیج بہادر نے چوٹالہ کی پارٹی ’جے جے پی‘ کو کہا الوداع

سابق بی ایس ایف جوان تیج بہادر نے دشینت چوٹالہ کی پارٹی جن نایک جنتا پارٹی یعنی جے جے پی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دراصل جے جے پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد قائم کر ہریانہ میں حکومت سازی کا فیصلہ کیا جس سے ناراض تیج بہادر نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ خبروں کے مطابق تیج بہادر نے جے جے پی کے ذریعہ اٹھائے گئے قدم کو ہریانہ کے ساتھ دھوکہ اور غداری قرار دیا ہے۔


مسلم ڈلیوری بوائے سے کھانا لینے سے انکار کرنے والے اجے کمار کے خلاف معاملہ درج

حیدر آباد پولس نے مسلم ڈلیوری بوائے سے کھانا لینے سے انکار کرنے والے ہندو فرد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ دراصل حیدر آباد کے علی آباد علاقے میں اجے کمار نام کے ایک شخص نے مسلم ڈلیوری بوائے مدثر سے کھانا لینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد مدثر نے مبینہ طور پر کھانا لینے سے منع کرنے والے شخص کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔


بھگت سنگھ، سکھدیو اور راج گرو کو ’بھارت رتن‘ دینے کا مطالبہ، منیش تیواری نے پی ایم مودی کو لکھا خط

کانگریس کے سرکردہ لیڈر اور ترجمان منیش تیواری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ شہید اعظم بھگت سنگھ، سکھدیو اور راج گرو کو بھارت رتن سے نوازا جائے۔


اہم خبر: کملیش تیواری کی بیوی کرن تیواری ’ہندو سماج پارٹی‘ کی سربراہ منتخب

کملیش تیواری کے قتل اور پھر پولس کے ذریعہ اس کے مبینہ قاتلوں کی گرفتاری کے بعد اب ہندو سماج پارٹی نے کملیش تیواری کی بیوی کرن تیواری کو پارٹی سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 18 اکتوبر کو کملیش تیواری کا لکھنؤ واقع انہی کے مکان میں قتل کے بعد کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا اور چونکہ ہندو سماج پارٹی کی تشکیل کملیش تیواری نے ہی کی تھی اس لیے ان کے قتل کے بعد پارٹی کو کون سنبھالے گا، یہ ایک بہت بڑا سوال بن گیا تھا۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading