اہم خبر: یوگی راج میں عجب کھیل، زانیوں کی خاطرداری، متاثرہ جیل میں… کانگریس

یوگی راج میں عجب کھیل، زانیوں کی خاطرداری، متاثرہ جیل میں: کانگریس

کانگریس نے شاہجہاں پور کیس متاثرہ کو جیل بھیجنے کو لے کر اتر پردیش کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ اتر پردیش کی یوگی حکومت کو عصمت دری کے ملزمین سے خاص ہمدردی ہے۔ انھیں گرفتاری سے بچایا جاتا ہے اور اسپتال میں ان کی خاطرداری کی جاتی ہے۔ وہیں عصمت دری متاثرہ کو آواز اٹھانے پر جیل میں قید کر دیا جاتا ہے۔


ذات اور مذہب کے نام پر نہیں کام کی بنیاد پر لڑا جائے گا الیکشن: کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پانچ سالہ عآپ حکومت کو ایک انقلاب قرار دیا ہے۔ انھوں نے آج ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج تک الیکشن ذات اور مذہب جیسے ایشوز پر لڑے گئے ہیں۔ اس بار کا الیکشن کام کی بنیاد پر لڑا جائے گا۔ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’پہلی بار کوئی پارٹی کہہ رہی ہے کہ ہم نے آپ کی زندگی سدھاری، اس لیے ووٹ دو۔‘‘


الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا کی دو سیٹوں کے لیے ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو کرانے کا کیا اعلان

راجیہ سبھا کی دو سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو ہوگا۔ اس کا اعلان الیکشن کمیشن نے آج کیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اتر پردیش کی ایک راجیہ سبھا سیٹ اور بہار کی ایک راجیہ سبھا سیٹ کے لیے 16 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ سابق مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی اور سینئر جج و سابق مرکزی وزیر رام جیٹھ ملانی کے انتقال کی وجہ سے راجیہ سبھا میں دو سیٹ خالی ہو گیا ہے۔


ہند-پاک سرحد پر آیا 4.8 شدت کا زلزلہ

24 ستمبر کو پاکستان میں آئے زلزلہ سے درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس زلزلہ کا اثر ہندوستان کی راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستوں میں بھی دیکھنے کو ملا تھا۔ تازہ خبروں کے مطابق آج پھر ہند-پاک سرحد پر زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.8 تھی۔ اس زلزلہ میں کسی جانی و مالی نقصان کی خبر نہیں آئی ہے۔


چنمیانند کیس: متاثرہ پر ہی ہو رہی کارروائی، واہ رے بی جے پی کا انصاف… پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے اتر پردیش حکومت پر شاہجہاں عصمت دری کیس کو لے کر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ ’’اناؤ عصمت دری کیس میں متاثرہ کے والد کا قتل، متاثرہ کے چچا گرفتار، زبردست دباؤ کے بعد واقعہ کے 13 مہینے بعد ملزم رکن اسمبلی ہوا گرفتار۔ متاثرہ کو جان سے مارنے کی کوشش بھی کی گئی۔‘‘ اس کے بعد شاہجہاں کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے پرینکا لکھتی ہیں کہ ’’شاہجہاں پور عصمت دری کیس میں متاثرہ گرفتار۔ متاثرہ کے گھر والوں پر دباؤ۔ ملزم بی جے پی لیڈر کو پکڑنے میں پولس نے قصداً کی تاخیر۔ عوامی دباؤ پڑنے کے بعد گرفتار کیا۔ ملزم بی جے پی لیڈر پر اب تک عصمت دری کا کیس نہیں کیا گیا۔ واہ رے بی جے پی کا انصاف۔‘‘


ایودھیا معاملہ: 18 اکتوبر تک ہر فریق اپنی بحث مکمل کرے… چیف جسٹس رنجن گوگوئی

بابری مسجد اور رام جنم بھومی اراضی تنازعہ میں جلد ہی فیصلہ آنے کی امید ہے کیونکہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی بہت سخت نظر آ رہے ہیں۔ 26 ستمبر کو 32ویں دن ایودھیا معاملہ کی سماعت شروع کرتے ہوئے رنجن گگوئی نے صاف طور پر کہہ دیا کہ اس معاملے پر 18 اکتوبر تک بحث مکمل ہو جانی چاہیے۔ انھوں نے سماعت کے لیے اب ایک دن بھی مزید نہیں دیے جانے کی بات کہی۔ سی جے آئی کا کہنا ہے کہ اگر 18 اکتوبر تک بحث مکمل نہیں ہوتی تو پھر چار ہفتے کے اندر کوئی فیصلہ لینے کسی چمتکار سے کم نہیں ہوگا۔


گروگرام: 14 سالہ لڑکی کی عصمت دری کے الزام میں لِفٹ انجینئر گرفتار

ہریانہ کے گروگرام کے ڈی ایل ایف فیز-2 میں 14 سالہ لڑکی سے عصمت دری کرنے کے الزام میں ایک لِفٹ انجینئر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی سی پی (کرائم) راجیو دیشوال نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’شکایت لڑکی کی ماں نے درج کروائی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو لِفٹ انجینئر بہلا پھسلا کر عمارت کی چھت پر لے گیا تھا۔‘‘ راجیو دیشوال نے مزید بتایا کہ لِفٹ انجینئر کا نام ارون شرما ہے اور وہ سونی پت کا رہنے والا ہے۔


مہاراشٹر: پونے میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 7 پہنچی

پونے میں گزشتہ رات زوردار بارش ہوئی۔ اس ایک مقام پر دیوار گر گئی جس میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ پونے میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کام کے لیے این ڈی آر ایف کی تین ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ تازہ واقعہ کے بعد پونے میں سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہو گئی ہے۔


سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا یومِ پیدائش آج، پی ایم مودی نے دی مبارکباد

آج سابق وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر لیڈر منموہن سنگھ کا یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر پی ایم نریندر مودی نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھا ہے کہ ’’ہمارے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو یوم پیدائش پر نیک خواہشات۔ میں ان کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading