پونچھ میں ملی ٹنٹوں کی کمیں گاہ طشت ازبام، ہتھیار وگولہ بارود برآمد
جموں: سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے کے لسانہ جنگلات میں پیر کی شام کو ملی ٹنٹوں کی ایک کیمں گاہ کو طشت از بام کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولس افسر نے بتایا کہ فوج اور ریاستی پولس کی ایک مشترکہ ٹیم نے پیر کی شام کو لسانہ جنگلات کا محاصرہ کرکے ملی ٹنٹوں کی ایک چھوٹی کمیں گاہ کو طشت از بام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جائے موقع سے ایک چینی ساخت کا پستول اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایا کہ فوج اور پولس کی ایک ٹیم نے مشترکہ آپریشن کے دوران یہ ہتھیار بر آمد کیے۔
جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے
ٹوکیو: جاپان کے توری شیما جزیرے میں منگل کو 6.1 شدت کے زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے مقامی وقت کے مطابق دوپہر بعد ایک بجکر 40 منٹ پر آئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کسی قسم کے نقصان کی فی الحال کوئی خبر نہیں ہے۔
پاکستان میں مہنگائی سے عوام بے حال
اسلام آباد: قتصادی تنگی سے برسرپیکار پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے بے حال ہیں۔ مئی کے مہینے میں خوردنی اشیاء اور ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سے مئی میں مہنگائی کی سالانہ صارفین افراط زر ایک ماہ قبل کے 8.82 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 9.11 فیصد پر پہنچ گئی۔
پاکستان کے شماریات کے بیورو کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مئی میں افراط زر کی اوسط شرح 7.19 فیصد رہی۔ مئی۔19 میں خردہ قیمت انڈیکس میں مہنگائی 1.43 فیصد اور حساس پرائز انڈیکس 0.78 فیصد اچھل گیا۔ بیورو کے مطابق افراط زر میں اضافہ خاص طور پر ایندھن اور خوردنی اشیا کے سبب ہوا۔
ختم ہوئی مدت میں خوردنی اشیا میں پیاز کی قیمت 77.52 فیصد، تربوز 55.73، ٹماٹر 46.11، نیبو 43.46 اور چینی 26.53 فیصد مہنگی ہو گئی۔ لہسن 49.99، مونگ 33.65، آم 28. 99 اور مٹن کے دام 12.04 فیصد بڑھ گئے۔ دیگر کھانے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ایندھن میں گیس کی قیمت میں 85.31 فیصد پٹرول 23.63 فیصد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 23.86 فیصد اضافہ ہوا۔ بس کا کرایہ 51.16، بجلی 8.48 اور مکان کے کرایہ میں 6.15 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔
اکھلیش بہتر کام کرتے ہیں، ان کے ساتھ رشتے قائم رہیں گے، مایاوتی
نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے سماجوادی پارٹی کے ساتھ فی الحال اتحاد ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ اترپردیش اسمبلی اضمنی انتخابات میں بی ایس پی فی الحال تنہا انتخابی میدان میں اترے گی۔
مایاوتی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حال ہی میں لوک سبھا انتخابات میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) کا ووٹ بی ایس پی کے امیدواروں کو منتقل نہیں ہوا ہے۔ ایس پی میں اندرونی خلفشار پیدا ہوگیا ہے، ایس پی کے لیڈر کو اپنا ووٹ بینک بی ایس پی کے حق میں کرانے کے لئے زمینی سطح پر کام کرنا ہوگا۔ اس کے لئے ایس پی کے لیڈروں کو کافی وقت لگے گا اس لیے بی ایس پی نے اترپردیش کے آئندہ اسمبلی ضمنی انتخابات میں تنہا اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی ایس پی لیڈڑ نے سماجوادی پارٹی کے اکھلیش یادو اور ان کی اہلیہ ڈمپل یادو کے ساتھ بہتر رشتے ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کے ساتھ مستقبل میں اتحاد کے راستے بند نہیں ہوئے ہیں، اگر اکھلیش یادو بہتر کام کرتے ہیں تو ان کے ساتھ دوبارہ سے مل کر چلا جائے گا۔
اہم خبر: فضائیہ کے لاپتہ این-32 طیارے کا ایک دن بعد بھی کوئی سراغ نہیں
آسام کے جورہاٹ سے پرواز کرنے کے بعد پیر کے روز لاپتہ ہو جانے والے ایئر فورس کے این-32 طیارے کا ایک دن گزر جانے کے بعد بھی کوئی سراغ نہیں لگ پایا ہے، طیارے میں پائلٹ عملہ سمیت مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق طیارے نے جورہاٹ سے دوپہر میں 12.25 بجے پرواز بھری تھی، جوکہ اروناچل پردیش کے مغربی سوانگ ضلع میں میں واقع میچوکا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ جارہا تھا۔ پرواز بھرنے کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد طیارے کا رابطہ متعلقہ ایجنسیوں سے منقطع ہو گیا، اس کے بعد سے طیارے کا کوئی سراغ نہیں مل پا رہا ہے۔
– Source بشکریہ قومی آواز بیورو—
