پونچھ میں ایل او سی پر فائرنگ، ایک فوجی اہلکار زخمی
جموں: جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز ہندوستان اور پاکستان فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی صبح پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کی جس کا ہندوستانی فوج نے بھی بھر پور جواب دیا۔
انہوں نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہکار زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور پر نزدیکی فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک ماہ کی بچی کو فروخت کرنے والی خاتون گرفتار
حیدرآباد: تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے میٹ پلی ٹاون میں ایک خاتون کو پولس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ایک مہینہ کی بچی کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق نرمل ضلع کے کڈم سے تعلق رکھنے والی گنگا جیوتی نامی خاتون اپنی ایک ماہ کی بچی کو میٹ پلی کے کلا نگر کالونی میں ایک خاندان کو 20 ہزار روپے میں فروخت کررہی تھی کہ پڑوسیوں کو اس کی اطلاع ملی اور انھوں نے جیوتی کی اس حرکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولس کو اس کی اطلاع دی۔ پولس نے خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے ایک ماہ کی بچی کو آئی سی ڈی ایس عہدیداروں کے حوالے کردیا۔
پرتاب گڑھ میں ٹیوب ویل سے دلت کسان کی جلی ہوئی لاش برآمد
پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے 30 کلو میٹر مسافت پر تھانہ پٹّی کوتوالی علاقے کے موضع بیلا رام پور میں واقع ٹیوب پر دلت کسان کی جلی ہوئی لاش پائی گئی ہے۔
ایس ایچ او اکھلیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ بیلا رام پور گاوُں کے باشندے ونے سروج عرف ببلو (35) گزشتہ اتوار کی شب اپنے چھپّر والے ٹیوب ویل پر سویا ہوا تھا کہ کسی نے اس کا قتل کرکے لاش کو جلا دیا جو پوری طرح جل چکی ہے ۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آگ کس نے لگائی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ضلع اسپتال بھیج کر تحقیقات کی جا رہی ہے۔
حوثی باغیوں کا سعودی ہوائی اڈے پر پھر حملہ
ریاض: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہی ہفتے کے اندر چوتھا حملہ کیا۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ بغیر پائلٹ والے طیارے کے ذریعے کیا گیا، یہ حوثی باغیوں کا ایک ہی ہفتے میں ابہا ہوائی اڈے پر چوتھا حملہ ہے۔ بدھ کو بھی باغیوں نے راکٹ سے ہوائی اڈے کے ارائیول لاؤنج کو نشانہ بنایا تھا جس میں 26 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یمن کئی برسوں سے صدر عبدربہ منصور ہادی کی قیادت والی سرکاری فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں الجھا ہوا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت والا اتحاد منصور ہادی کی درخواست پر مارچ 2015 سے باغیوں کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے۔
جاپان میں 5.2 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے
جاپان کے سب سے بڑے جزیرے هونش کے شمال مشرقی حصے میں پیر کو زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کی شدت ریکٹرا سکیل پر 5.2 تھی۔ جاپان کے محکمہ موسمیات سائنس نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز صوبہ اباراكي میں 80 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلہ کی وجہ سے کسی قسم کے جان مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔جاپان زلزلہ کے فعال علاقے میں واقع ہے جسے’فنگر آف فائر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے. جاپان باقاعدگی سے زلزلہ کے طاقتور جھٹکوں سے متاثر رہتا ہے۔ خیال رہے 2011 میں 9.0 شدت والے زلزلہ اور اس کے بعد آنے والے سونامی کی زد میں آکر 15 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کی وجہ سے فوکوشیما ایٹمی پلانٹ حادثہ بھی ہوا تھا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
