اہم خبر: ناندیڑ میں اب 24 نومبر کوجلوس عید میلادالنبی نکالا جائے گا

ناندیڑ:9 نومبر ۔(ورق تازہ نیوز) مرکزی میلاد کمیٹی ناندیڑ نے موجودہ حالات کے مدنظر ناندیڑ شہر میں کل 12ربیع الاول مطابق 10 نومبر 2019ء کو حسب سابق نکلنے والے جلوس محمدی ﷺ کو منسوخ کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔آج کمیٹی کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بہ اتفاق آراء 10 نومبر کے جلوس کو ملتوی کرنے کافیصلہ کیا ہے اور ضلع انتظامیہ کواپنے فیصلہ سے واقف کروایا ہے ۔ مولانا عبدالعظیم رضوی نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے مرکزی میلاد کمیٹی کے فیصلہ کاخیر مقدم کیا ہے ۔ اور انشاءاللہ 24 نومبر کو جلوس محمدی نکالنے کاطئے کیاگیا ہے ۔

کل رات اچانک ایودھیا معاملے کافیصلہ سپریم کورٹ میں 9نومبر کو صبح سنائے جانے کااعلان کیاگیا جس کے بعد سارے ملک میں نظم و نسق کے انتظامات وسیع کردیے گئے تھے ۔اورآئندہ چند دنوں تک حالات پرنظر رکھی جارہی ہے ۔ ایسے میں مرکزی میلاد کمیٹی ناندیڑ نے جلوس محمدی نکالنے کے ضمن میں آج بروز ہفتہ کو ظہر تا عصر نوری مسجد اشرف نگر ناندیڑمیں مشورہ کیلئے اجلاس کاانعقاد کیا ۔اس موقع پر سبھی ذمہ داران نے طئے کیا کہ موجودہ حالات کومدنظر رکھتے ہوئے فی الحال جلوس عید میلادالنبی کو ملتوی کیاجائے۔کیونکہ ناندیڑضلع کے پڑوسی اضلاع ہنگولی ‘پوسد ‘ عمرکھیڑ سے بھی ایسی اطلاعات موصول ہورہی تھی کہ وہاں پربھی جلوس عید میلاد النبی کو فی الحال ملتوی کردیاگیا ہے ۔

تمام امور پرغورکرنے کے بعد ناندیڑمیں بھی 10نومبرکوجلوس محمدی ملتوی کیاجائے گا اور 24نومبربروزاتوار کو حسب معمول قدیم راستوں سے نکالا جائے گا۔ اس موقع پر مولانا تراب الدین صاحب رضوی ،مفتی محمد مرتضی صاحب رضوی ،مولانا عبدالعظیم رضوی ،مفتی عبدالحسیب صاحب قادری ،الحاج رفیق صاحب قادری ،الحاج غلام نبی صاحب رضوی، ایڈوکیٹ ایوب الدین جاگیردار،الحاج حارث بھائی ، صوفی علی خان قادری ،ایڈوکیٹ ضیاءلدین ،الحاج جیلانی رضوی ،عبدالجبار بھائی اور دیگر اراکین مرکزی میلاد کمیٹی و کثیر تعداد میں دیگر حضرات موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading