اہم خبر: شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑی، لیلاوتی اسپتال میں داخل

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑی، لیلاوتی اسپتال میں داخل

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان شیوسینا کے لیے ایک بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنجے راؤت کو ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد انھیں داخل اسپتال کیا گیا ہے۔


مہاراشٹر: شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان چل رہی میٹنگ ختم

مہاراشٹر میں ایک طرف سیاسی ہلچل بڑھی ہوئی ہے اور دوسری طرف ابھی تک یہ صاف نہیں ہو سکا ہے کہ شیوسینا اور این سی پی مل کر حکومت سازی کریں گے تو اس میں کانگریس کا کردار کیا ہوگا۔ تقریباً ایک گھنٹے چلنے کے بعد شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ بھی ختم ہو گئی ہے لیکن حکومت سازی سے متعلق تجسّس ہنوز برقرار ہے۔ این سی پی سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی اپنا نظریہ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے کیونکہ اس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے ہی الیکشن لڑا ہے۔


مہاراشٹر: بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو کیا فون

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی کے سرکردہ لیڈر اجیت پوار سے فون پر بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت کے بعد مہاراشٹر بی جے پی میں ہنگامہ برپا ہے۔ کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے یہ اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر این سی پی کا دامن بھی تھام سکتے ہیں۔

شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے مابین میٹنگ

ممبئی میں شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے درمیان میٹنگ چل رہی ہے، بتا دیں کہ این سی پی کا اجلاس تھوڑی دیر قبل ختم ہوا ہے، اجلاس کے بعد این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے آج شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی۔


این سی پی کا اجلاس ختم، نواب ملک بولے- کانگریس کے ساتھ مل کر لیں گے کوئی فیصلہ

مہاراشٹر میں حکومت بنانے کو لے کر این سی پی کا چل رہا اجلاس ختم ہو گیا ہے، این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی، نواب ملک نے کہا کہ این سی پی کانگریس کے بغیر ایوان میں شیوسینا کو اکثریت نہیں دے گی۔


جے این یو طلبا کا فیس میں اضافہ سمیت مختلف مسائل کو لے کر مظاہرہ

دہلی میں جے این یو طلبا یونیورسٹی کیمپس کے باہر فیس میں اضافہ سمیت مختلف مسائل کو لے کر مظاہرہ کر رہے ہیں، مظاہرہ کر رہے ایک طالب علم نے بتایا، ’’گزشتہ 15 دنوں سے ہم فیس میں اضافہ کو لے کر مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ یہاں قریب 40 فیصد اسٹوڈنٹس غریب پس منظر سے آتے ہیں، وہ طلبا یہاں کس طرح تعلیم حاصل کر پائیں گے؟‘‘

طلبا کی مانگیں:

  • فیس اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
  • ہاسٹل میں طالب علموں سے کوئی سروس چارج نہیں لیا جائے۔
  • ہاسٹل میں آنے جانے کے لئے ڈیڈ لائن ختم ہو۔
  • ہاسٹل میں ڈریس کوڈ نہیں لاگو کیا جائے۔
  • نیا ہاسٹل مینو مکمل طور پر منسوخ کیا جائے۔



مہاراشٹر میں بات چیت کا دور جاری، این سی پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ شروع

مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر بات چیت کا دور شروع ہو گیا ہے، ممبئی میں این سی پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ شروع ہو گئی ہے، ساتھ ہی شیوسینا ممبر اسمبلی بھی ملاقات کر رہے ہیں، دوسری طرف دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہو رہی ہے۔

ریاست میں صدر راج لگانے کی بی جے پی کی سازش ہے… سنجے راوت

سنجے راوت نے کہا کہ بی جے پی کو حکومت بنانے کا دعوی پیش کرنے کے لئے 72 گھنٹے کا وقت دیا گیا، ہمیں اتنا کم دیا گیا، یہ بی جے پی کی سازش ہے ریاست میں صدر راج لگانے کی۔


الیکشن کمیشن نے شیشن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے سابق چیف الیکشن کمشنر ٹی این شیشن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ٹی این شیشن کے انتقال سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے اور وہ انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ سبھی چیف الیکشن کمشنروں اور الیکشن کمیشن کے ارکان کے لئے ہمیشہ باعث ترغیب رہے ہیں۔ انتخابی نظام کو بہتر بنانے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں ان کی شراکت اور خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ٹی این شیشن کا کل رات چنئی میں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا تھا۔ وہ 86 برس کے تھے اور 1990 سے 1996 تک ملک کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر فائز تھے۔ اپنے حوصلہ افزا فیصلوں سے انہوں نے انتخابی اصلاحات کرکے ایک نئی مثال قائم کی تھی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading