اہم خبر: شیلا دیکشت کو دہلی اور ملک کے لوگ یاد رکھیں گے، پرینکا گاندھی

شیلا دیکشت کو دہلی والے یاد رکھیں گے، پرینکا

پرینکا گاندھی نے شیلا دیکشت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پیار کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’انہوں نے جو کچھ بھی دہلی اور ملک کے لئے کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ پارٹی کی ایک عظیم لیڈر تھیں۔ ان کا پارٹی، ملک کی سیاست اور خصوصی طور پر دہلی کے لئے تعاون کبھی فراموش نہیں ہو سکے گا۔‘‘


دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کا انتقال، پورے ملک میں غم و اندوہ کی لہر

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اورکانگریس کی سینئر لیڈر شیلا دیکشت کا آج دہلی کے اسکارٹس اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ انھیں آج صبح اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن وہ صحت یاب نہیں ہو سکیں۔ ان کا انتقال کانگریس کے لیے ہی نہیں بلکہ ملک کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ انھوں نے 81 سال کی عمر پائی اور اپنی سیاسی زندگی میں کئی اہم ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا۔


پونے کے نزدیک سڑک حادثہ، 9 طلبا جان بحق

پونے: مہاراشٹر کے پونے۔سولا پور قومی شاہراہ پر کدموک وستی گاوں کے نزدیک سنیچر کی صبح ٹرک سے ہوئی زبردست ٹکر میں مسافر گاڑی میں سوار 9 طلبا کی موت ہو گئی۔ پولس کے مطابق مرنے والے پونے کے نزدیک یاوات گاوں کے باشندہ اور کالج کے طلبا تھے۔ حادثہ کے وقت طلبا رائے گڑھ گھومنے کے بعد اپنے گھر واپس آرہے تھے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر گاڑی سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر دوسری طرف چلی گئی اور پھر مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔

پولس نے بتایا کہ حادثہ میں 19سے 23 برس کی عمر کے نوطلبا کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری سیسون اسپتال میں بھیج دی گئی ہیں اور معاملہ کی جانچ جاری ہے۔ مرنے والوں میں اکشے وائکر، وشال یادو، نکھل چندرکانت، نور محمد دیا، پرویز اتر، شوبھم بھیسے، اکشے چندرکانت، دتہ یادو اور اجیت مولانی شامل ہیں۔

افغانستان میں میزائل حملہ، 24 عسکریت پسند ہلاک

قندھار: افغانستان کے جنوبی صوبہ ارزگان میں گائیڈیڈ میزائل حملے میں کم از کم طالبان کے 24 عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔

افغان فوج کور 201 سیلاب نے حملے کے وقت کا انکشاف کئے بغیر ایک بیان جاری کرکے بتایا، ’’خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر صوبہ ارزگان کے خاص ضلع ارزگان میں میزائل سے کئے گئے حملے میں طالبان کے 24 عسکریت پسند ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے‘‘۔

بیان میں اس بات کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے کہ اس حملے کو نیٹو کی قیادت والے اتحادی فوج نے یا پھر افغان فوج نے انجام دیا۔
بیان کے مطابق، حملے میں طالبان کے بہت سے ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

افغانستان کے 34 صوبوں میں سے 20 سے زائد پر صوبوں میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم اور جھڑپیں جاری ہیں اور ان جھڑپوں اور تنازعات کے دوران، اب تک بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

چنار میں پرینکا سے ملنے جا رہے راج ببر کو بنارس ائیر پورٹ پر روکا گیا

چنار میں پرینکا گاندھی سے ملنے جا رہے کانگریس لیڈر آر پی این سنگھ، راجیو شکلا، جتن پرساد، مکل واسنک، دیپیندر ہڈا اور راج ببر سمیت کئی کانگریس لیڈروں کو پولس نے بنارس ائیر پورٹ پر روک دیا۔ سون بھدر کا معاملہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے کیونکہ ترنمول کانگریس کے 4 رکنی پارلیمانی وفد کو بھی یو پی پولس نے ائیر پورٹ پر ہی روک لیا اور جب ٹی ایم سی لیڈران دھرنے پر بیٹھ گئے تو انھیں حراست میں لے لیا گیا۔


سون بھدر قتل عام کے متاثرین پرینکا سے ملنے مرزا پور پہنچے، صرف 2 کو ملی ملنے کی اجازت

سون بھدر فائرنگ معاملے میں مارے گئے 10 لوگوں کے کنبہ والے بالآخر پرینکا گاندھی سے ملاقات کے لیے مرزا پور پہنچ گئے۔ لیکن انتظامیہ نے صرف دو لوگوں کو پرینکا گاندھی سے ملنے کی اجازت دی۔ اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’انتظامیہ کو متاثرہ فیملی کی رکھوالی کرنی چاہیے تھی۔ جب ان کے ساتھ حادثہ ہو رہا تھا تو انتظامیہ کو مدد کرنی چاہیے تھی، لیکن انتظامیہ کی ذہنیت میری سمجھ سے باہر ہے۔‘‘


پرینکا کے بعد ٹی ایم سی لیڈروں کو یو پی پولس نے سون بھدر جانے سے روکا

ٹی ایم سی کے چار اراکین پارلیمنٹ کا نمائندہ وفد سون بھدر متاثرین سے ملنے کے لیے جا رہا تھا جب وارانسی پولس نے بابت پور کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انھیں روکا اور حراست میں لے لیا۔ وفد ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک او برائن کی قیادت میں سون بھدر جا رہا تھا جب پرینکا گاندھی کی طرح ہی انھیں بھی یو پی پولس نے متاثرہ کنبہ سے ملاقات کرنے سے روک دیا۔ اس سلسلے میں ترنمول کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔



ڈیرک او برائن کی قیادت میں 4 رکنی پارلیمانی وفد آج سون بھدر کر کرے گا دورہ

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈیرک او برائن کی قیادت میں ترنمول کانگریس کا چار رکنی پارلیمانی وفد آج سون بھدر کا دورہ کرے گا۔ اس دورے کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ ابھی تک کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو سون بھدر مہلوکین کے کنبہ سے ملنے نہیں دیا گیا ہے اور انھیں حراست میں چنار گیسٹ ہاؤس میں رکھا گیا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ یو پی پولس ڈیرک او برائن کی ٹیم کو سون بھدر جانے سے روکتی ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 17 جولائی کو اراضی تنازعہ میں 10 لوگ مارے گئے تھے۔


پرینکا گاندھی نے چنار گیسٹ ہاؤس میں گزاری رات، یوگی حکومت کے سامنے نہ جھکنے کا عزم

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کی رات چنار گیسٹ ہاؤس میں زیر حراست گزار دی اور کہا کہ وہ سون بھدر فائرنگ میں مہلوکین کے اہل خانہ سے ملے بغیر واپس نہیں جائیں گی۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس سلسلے میں کچھ ٹوئٹر بھی کیے ہیں اور بتایا ہے کہ دیر رات یو پی پولس کے کئی افسران انھیں سمجھانے آئے کہ سون بھدر نہ جائیں۔ لیکن پرینکا گاندھی نے صاف کہہ دیا کہ وہ مہلوکین کے اہل خانہ سے ملے بغیر نہیں جائیں گی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading