اہم خبر: سری نگر میں آتشزدگی، تین افراد جھلسے، 11 مکانات کو نقصان پہنچا

سری نگر میں آتشزدگی، تین افراد جھلسے، 11 مکانات کو نقصان پہنچا

سری نگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں اتوار کو شدید آتشزدگی کی زد میں آنے کے سبب تین افراد جھلس گئے اور11 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ سری نگر کے ڈل گیٹ کے بھیڑ بھاڑ والے دونخود علاقے میں ایک گھر میں آگ لگ گئی جو دھیرے دھیرے پھیل گئی۔ یہاں کے عوام کا الزام ہے کہ پانچ اگست کو جموں وکشمیرکا خصوصی درجہ ختم کیے جانے کے بعد سے وادی میں موبائل فون اور انٹر نیٹ خدمات سمیت مواصلات ذرائع پر پابندی کی وجہ سے افسران کو اطلاع دینے کے لیے فائر اسٹیشن تک جانا پڑا۔

مواصلات کے وسائل پر پابندی کی وجہ سے محکمہ فائربرگیڈ کو آگ لگنے کی اطلاع تاخیر سے ملی اور اس وجہ سے چھ مکانوں کو پوری طرح سے اور پانچ کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش میں تین افراد جھلس بھی گئے۔ عوام نے الزام عائد کیا کہ تاخیر سے اطلاع ملنے کے باوجود محض دو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھیجی گئیں۔ مقامی افراد کی کوششوں سے آگ پر کسی طرح قابو پایا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گیس کے رِسنے کی وجہ سے یہ آتشزدگی ہوئی۔ آگ میں جھلسنے والوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

پھولن دیوی کی بہن رکمنی دیوی نشاد سماجوادی پارٹی میں شامل

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں پھولن دیوی کی بہن رکمنی دیوی سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔ اکھلیش یادو کی موجودگی میں انہوں نے سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا۔ رکمنی دیوی اس سے پہلے پرگتی شیل مانو پارٹی ایک غیر معروف سیاسی جماعت کی رکن تھیں۔

واضح رہے کہ پھولن دیوی کبھی ڈاکو رہ چکی تھیں جنہیں ’بینڈٹ کوین‘ بھی کہا جاتا تھا، بعد میں سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئیں اور لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔ پھولن دیوی کا 2001 میں قتل کر دیا گیا تھا۔


حراست میں کسان کی موت قابل مذمت: پرینکا

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں بجلی کے بل کی ادائیگی نہ کرنے پر کسان کو حراست میں رکھنے اور اس دوران تشدد کی وجہ اس کی موت کے واقعہ پر گہرا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے پرینکا نے اتوار کو ٹویٹ کیا ’’اتر پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے بجلی شرح میں اضافہ کیا اور بجلی بل وصولی کے نام پر کسانوں کو جیل میں ڈال کر تشدد کیا جا رہا ہے  بدایوں کے کسان برج لال جی کے ساتھ پیش آیا واقعہ قابل مذمت ہے ۔

ان کے اہل خانہ کو معاوضہ ملے اور کسی بھی کسان کو ہراساں نہیں کیا جائے‘‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اتر پردیش کے بدايو میں بجلی کے بل کی ادائیگی نہ کرنے پر کسان کو حراست میں رکھا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی ۔

افغانستان میں امریکی فضائی حملہ میں 25 طالبان ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبہ بادغیس میں امریکی فضائی حملہ میں طالبان کے کم سےکم 25 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ صوبہ کے گورنر عبداللہ غفور ملک زئی نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ امریکہ کے وزیردفاع مارک ایسپر نے سنیچر کو کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت ناکام ہونے کے بعد شدت پسند گروپ کےخلاف امریکی فوج کے حملے بڑھ رہے ہیں۔

ملک زئی نے کہاکہ،’’ غیرملکی فوجیوں کے فضائی حملہ میں طالبان کے 25سے زائد شدت پسند ہلاک ہوگئے ،جس میں گروپ کے کمانڈر بھی شامل ہیں ۔‘‘ گورنر نے بتایاکہ شدت پسند وں کے خلاف یہ فضائی حملہ رات باد غیس صوبہ کے قلعہ نو شہر کے علاقہ میں ہوا۔

شیخ حسینہ سے سونیاگاندھی، منموہن کی ملاقات

نئی دہلی: کانگریس کے ایک وفد نے اتوار کو یہاں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی ۔ اس وفد میں کانگریس صدر سونیا گاندھی ،سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی کے کئی سینئر رہنما شامل تھے ۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ حسینہ سے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے مابین رشتوں کو اور مضبوط بنانے سے متعلق گفتگوہوئی ۔

اس سے قبل سنیچر کو حسینہ نے وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات کی تھی، جہاں تین پروجکٹوں کے افتتاح سمیت تقریبا سات دوطرفہ معاہدوں میں دستخط ہوئے تھے ۔ حسینہ چار روزہ دورے پر ہندستان میں ہیں۔

خاتون افسر کو دھمکانے والا رکن اسمبلی گرفتار

حیدرآباد: آندھراپردیش کے نیلور رورل کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی سری دھر ریڈی کو پولس نے وینکٹ چلم علاقہ کی خاتون منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر(ایم پی ڈی او)کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

رکن اسمبلی نے گولاگاموڈی گاوں کے لے آوٹ کے لئے پانی کا کنکشن فراہم نہ کرنے پر اپنے حامیوں کے ساتھ ایم پی ڈی او سرلا کو دھمکایا تھا۔ ایم پی ڈی او نے پولس سے کی گئی شکایت میں کہا کہ رکن اسمبلی نے ان کے مکان پہنچ کر ان کو دھمکی دی تھی اور ان کو بینادی سہولیات جیسے پانی، بجلی اور دیگر سے محروم کردیاتھا۔

پولس نے رکن اسمبلی کے خلاف معاملہ درج کیاتھااور ان کو اتوار کی صبح گرفتار کرلیاگیا۔وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی اس معاملہ کو سنگین قرار دیا اور بتایاجاتا ہے کہ پولس کو ہدایت دی کہ وہ حقائق کی بنیاد پر کارروائی کرے۔گنٹور پولس کی ایک ٹیم نے رکن اسمبلی کو گرفتار کرلیا۔

لکھنؤ-آنند وہار ٹرین مرادآباد کے نزدیک پٹری سے اتری

اطلاع موصول ہوئی ہے کہ لکھنؤ – آنند وہار (دہلی) ڈبل ڈیکر ٹرین کے دو ڈبے مرادآباد کے نزدیک پٹری سے اتر گئے ہیں۔ کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔ حادثے کے بعد ریلوے اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچی ہے۔


ریلوے کے مطابق لکھنؤ سے آنند وہار جا رہی ڈبل ڈیکر ٹرین آج مراد آباد اور کٹگھر کے درمیان پٹری سے اتر گئی۔ یہ حادثہ لیول کراسنگ گیٹ نمبر 415 پر ہوا۔ ٹرین کا پانچواں اور آٹھواں ڈبا پٹری سے اترا ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ اولین ترجیح مسافروں کی حفاظت ہے۔ مسافروں کو آگے والے کوچ میں شفٹ کیا جائے گا اور ٹرین کو مرادآباد لے جایا جائے گا۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading