انبالہ: کپڑوں کی مارکیٹ میں زبردست آگ, تین دکانیں جل کر راکھ
انبالہ: ہریانہ کے انبالہ شہر میں شمالی ہندوستان کی سب سے بڑی کپڑوں کی مارکیٹ میں آج زبردست آگ لگنے سے تین دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ موصول اطلاع کے مطابق پہلی نظر میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے لیکن دکان مالکوں کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ پراپرٹی تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے ان کی دکانوں میں آگ لگوائی گئی ہے۔ فی الحال پولس جانچ کر رہی ہے اور فائر بریگیڈ آگ بجھانے میں لگی ہے۔
جائے واقعہ پر انبالہ سٹی اور کینٹ کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں جٹی ہیں۔ اب تک تقریباً چھ گاڑیاں آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور تقریباً دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ دکان مالک رابن نے بتایا کہ پورے سامان سمیت دکان پوری طرح سے جل کر راکھ ہوگئی ہے۔
سیلفی لینے کی کوشش میں سیاح جھیل میں گرا
ماؤنٹ آبو: راجستھان کے سروہی ضلع میں واقع ماؤنٹ آبو کی نکی جھیل میں بوٹنگ کرنے کے دوران ایک سیاح سیلفی لینے کی کوشش میں پانی میں گر گیا۔ پیڈل بوٹ میں سواری کرنے والے دوسرے ساتھی کی احتیاط اورسوجھ بوجھ کی وجہ سے ڈوبتے شخص کو بچا لیا گیا۔ گجرات کے مہسانا ضلع کے اونجھا میں اندرا نگر کروڈا کے رہنے والے لوسی بھائی سینما نے بتایا کہ وہ اپنے چچازاد بھائیوں کے ساتھ اپنے گاؤں سے ماؤنٹ آبو گھومنے آئے تھے اور شام کو نکی جھیل میں چچازاد بھائی جگنیش جوشی کے ساتھ پیڈل بوٹ سے بوٹنگ کرنے چلے گئے۔ باقی دیگر چار بازار کی طرف نکل گئے۔
بوٹنگ کے دوران جگنیش بوٹ میں بیٹھے بیٹھے سیلفی لینے لگا اور اسی دوران اس کا توازن بگڑا اور وہ پانی میں جاگرا اور پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ آگے چلا گیا۔ لیکن لوسی نے جگنیش کے پیچھے کشتی چلاکر اس کا پیچھا کیا اور کسی طرح اس تک پہنچ کر اسے پانی سے کشتی میں کھینچنے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈوبنے سے جگنیش بے ہوش ہوگیا۔
اتنی دیر میں تیراک بھی ان کے پاس پہنچ گئے اور ان کی کشتی کو کنارے لایا گیا۔ بعد میں بے ہوشی کی حالت میں جگنیش کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا۔ جہاں سے اسے گلوبل اسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔ جگنیش کے گھروالوں کی درخواست پر اسے علاج کے لئے گجرات بھیجا گیا ہے۔
امریکہ کے ڈے کیئر میں آگ لگنے سے پانچ بچوں کی موت
واشنگٹن: امریکہ کے پینسلوینیا صوبے میں ایک ’ڈے کیئرسینٹر‘ میں آگ لگنے سے اتوار کو کم ازکم پانچ بچوں کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ شمالی پینسلوینیا کے جھیل شہر ایری میں اتوار کی صبح ہوا۔ ایری کے فائربریگیڈ محکمے کے سربراہ گائی سینٹون نے بتایا کہ آگ ایری میں واقع سہ منزلہ عمارت میں لگی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدہ بچوں کی عمر آٹھ مہینے سے لے کر سات سال تک تھی۔ ڈے کیئر سینٹر کے مالک کو علاج کے لئے ایک نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ’ڈے کیئرسینٹر‘ کو مقامی انتظامیہ کے ذریعہ مارچ 2020 تک کے لئے سرٹیفائی کیا گیا ہے۔ ایری پینسلوینیا صوبے کا چوتھا بڑا شہر ہے اور یہاں کی آبادی تقریباً 100000ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
