مدھیہ پردیش کے اندور میں میونسپل کارپوریشن ملازم پر بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ کے رکن اسمبلی بیٹے کے ظلم کی خبریں ابھی مدھم بھی نہیں ہوئی تھیں کہ بی جے پی کے ایک اور لیڈر نے افسر کی پٹائی کر دی۔ معاملہ ستنا کے رام نگر کا ہے جہاں بی جے پی نگر پنچایت صدر رام سشیل پٹیل نے نگر پنچایت کے سی ایم او دیو رتنم سونی پر دفتر میں قاتلانہ حملہ کر دیا۔ حملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
बल्ला गैंग अब विकेट से खेल रहा है! @INCMP @INCIndia @avinashonly @shailgwalior रामनगर में सीएमओ की पिटाई कब करेगी @BJP4India @BJP4MP कार्रवाई @jeetupatwari @AsadKurwai @kidliberty @ndtvindia pic.twitter.com/duv9LCAntt
— Anurag Dwary (@Anurag_Dwary) June 28, 2019
دراصل رام نگر پریشد میں اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب اچانک بی جے پی کے نگر پنچایت سمیت نصف درجن لوگوں نے سی ایم او کے چیمبر میں گھس کر زبردست مار پیٹ شروع کر دی۔ اس دوران پریشد میں افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ خبروں کی مانیں تو ثالثی کرنے والے کئی ٹھیکیدار اور کونسلر بھی زخمی ہو گئے۔
خبروں کے مطابق سی ایم او کا قصور صرف اتنا تھا کہ انھوں نے بی جے پی نگر پنچایت صدر کے کروڑوں کے گھوٹالے کی شکایت کی تھی۔ قابل غور ہے کہ صدر اس وقت تقریباً آٹھ کروڑ کے غبن معاملہ میں ضمانت پر ہیں۔ بتایا گیا کہ سی ایم او اور ملازم کو انھوں نے نشانہ بنایا اور جب وہ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے تو ڈنڈوں سے لیس بی جے پی لیڈر حامی بھی ان کے پیچھے پیچھے دوڑ پڑے اور سبھی کو دوڑا دوڑا کر پیٹا۔ بعد ازاں سی ایم او کی رپورٹ پر پولس نے معاملہ درج کر رام سشیل پٹیل کو گرفتار کر لیا ہے۔
ستنا کے ایس پی ریاض اقبال نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ حملے کے بعد دونوں نے ہی معاملہ درج کرایا۔ پولس سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کرے گی اور جانچ کی بنیاد پر ہی مناسب کارروائی کی جائے گی۔
غور طلب ہے کہ اکثر بی جے پی لیڈران افسروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بدھ کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے رکن اسمبلی بیٹے آکاش وجے ورگیہ نے نگر نگم افسر کو بیٹ سے پیٹا تھا۔ ان کا افسر کو پیٹتے ہوئے ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا، جہاں بعد میں انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ آکاش وجے ورگیہ کی ضمانت عرضی پر بھوپال کی خصوصی عدالت میں 29 جنوری کو سماعت ہوگی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
