بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ یوگانڈا کی خاتون ٹیم کے نام ہوگیا ہے ۔ انہوں نے 20 اوورس میں صرف دو وکٹ کے نقصان پر 314 رن بنائے ۔ یہ کارنامہ یوگانڈا کی خاتون کرکٹ ٹیم نے مالی خاتون کرکٹ ٹیم کے خلاف انجام دیا ۔ یہ خاتون اور مرد دونوں کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور ہے ۔
مالی اور یوگانڈا کی ٹیمیں جمعرات کو کگالی شہر میں کیوبوکا خاتون ٹی 20 ٹورنامنٹ کھیل رہی تھیں ۔ یوگانڈا نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پروسکوویا الاکو اور ایمیکیولیٹ ناکیسوئی نے 5.4 اوور میں ہی 82 رن بنا ڈالے ۔ لیکن ناکی سوئی کے 18 گیندوں میں 34 رن پر آوٹ ہوجانے سے یہ شراکت داری ٹوٹ گئی ، تاہم مالی کی مشکلات کم نہیں ہوئیں ۔یوگانڈا کی کپتان 20 سال کی ریتو موسامالی نے الاکو کے ساتھ مل کر اننگز کو پنکھ لگادی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اننگز کے دوران صرف ایک چھکا جبکہ 34 چوکے لگے ۔
موسامالی اور الاکو نے اپنی مرضی کے مطابق رن بٹورے ۔ انہیں مالی کی گیند بازوں سے بھی پوری مدد ملی ، جنہوں نے وائیڈ اور نوبال کے طور پر کافی اضافی رن دئے ۔ مالی کی گیندبازوں نے 60 اضافی رن خرچ کئے ۔ ان میں 30 نوبال اور 28 وائیڈ گیندیں شامل تھیں ۔ الاکو اور موسالی دونوں نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں ۔ الاکو 71 گیندوں پر 116 رن بناکر آوٹ ہوئیں ۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 15 چوکے لگائے ۔ وہیں کپتان موسامالی نے 61 گیندوں میں 103 رن بنائے ۔ وہ آخر تک ناٹ آوٹ رہیں ۔مالی کی گیند باز اومو سووو کی گیند پر جم کر رن برسے ۔ ان کے تین اوورس میں یوگانڈا نے 82 رن بنائے ۔ یہ کسی بھی گیند باز کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے خراب اسپیل ہے ۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ 314 رنوں کے جواب میں مالی کی ٹیم 11.1 اوورس میں صرف 10 رن پر ہی سمٹ گئی ۔ اس کے چھ بلے باز کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔ ایسے میں یوگانڈا نے یہ میچ 304 رنوں سے جیت لیا