انتخابی اور تنظیمی تجربے کا اعتراف، نجیب ملا این سی پی گروپ لیڈر نامزد
تھانے میونسپل کارپوریشن میں این سی پی کی کمان ایک بار پھر ملا کے ہاتھوں میں

تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن انتخابات 2026 کے نتائج کے بعد راشٹروادی کانگریس پارٹی نے کارپوریشن میں اپنی سیاسی اور تنظیمی حکمتِ عملی کو واضح کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں این سی پی کے جیتنے والے کارپوریٹروں کے ساتھ ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی ایک اہم مشترکہ میٹنگ ستکار ریسیڈنسی، پوکھرن روڈ نمبر 1، تھانے میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کی آئندہ بلدیاتی سیاست اور قیادت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس میٹنگ میں این سی پی کے ریاستی جنرل سکریٹری اور تھانے شہر (ضلع) کے صدر نجیب ملا کو متفقہ طور پر تھانے میونسپل کارپوریشن کا گروپ لیڈر مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر گروپ لیڈر نجیب ملا کو پارٹی کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ ریاستی جنرل سکریٹری اور این سی پی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے اس فیصلے کو پارٹی کے لیے ایک مضبوط اور دور اندیش قدم قرار دیا۔
نجیب ملا مسلسل پانچویں بار میونسپل کارپوریشن کے لیے رابوڑی سے کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور میونسپل سیاست میں ایک تجربہ کار، محنتی اور مطالعہ کار کارپوریٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اس وقت وہ تھانے شہر (ضلع) راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر سطح پر پارٹی کے جنرل سکریٹری اور شعبہ اقلیت کی پارٹی کی ریاستی اکائی کے انچارج کی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔ حالیہ میونسپل انتخابات میں ان کی قیادت میں این سی پی نے 9 کارپوریٹروں کو کامیابی دلائی، جسے انتخابی سیاست اور تنظیمی مضبوطی کا ثبوت مانا جا رہا ہے۔
پارٹی حلقوں کے مطابق نجیب ملا کو گروپ لیڈر مقرر کرنا اس بات کی علامت ہے کہ این سی پی کارپوریشن میں تجربہ، تنظیمی صلاحیت اور مؤثر قیادت کے ذریعے شہری مسائل پر مضبوط کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ انتخابی سیاست کے ساتھ ساتھ آرگنائزیشنل پالیٹکس میں ان کا طویل تجربہ پارٹی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ تصور کیا جاتا ہے۔
اس اہم میٹنگ میں سینئر کارپوریٹر راجن کینے، سہاس دیسائی، وحیدہ خان، پونم مالی، شازیہ پروین انصاری، حفصہ انصاری، شاہ عالم اعظمی ، ابراہیم راوت کے علاوہ سابق کارپوریٹرس ظفر نعمانی، عشرین راوت، راجو انصاری، نیہا نائیک، روپالی گوٹے، انیتا کینے، موریشور کینے، عزیر شیخ سمیت دیگر جیتنے والے اور الیکشن لڑنے والے امیدوار و اہم کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر پارٹی اتحاد، آئندہ بلدیاتی حکمتِ عملی اور شہری مسائل پر مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔