انتخابات کے دوران غیر قانونی بینرز اور پوسٹرز کے خلاف فوری کارروائی کا حکم
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے ووٹروں کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے حکم دیا ہے کہ دیوالی کی مبارکباد یا کسی بھی قسم کے غیر قانونی بینرز اور پوسٹرز، جو ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کی اجازت کے بغیر لگائے گئے ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ یہ حکم تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو دیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں ان بینروں کے فریم موجود ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں بھی فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔
تھانے میونسپل کارپوریشن کے شہری تحقیقاتی مرکز میں پیر کو منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں محکمہ جات کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راؤ نے واضح کیا کہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد تمام غیر قانونی بینروں اور پوسٹروں کو ہٹا دیا گیا تھا۔ تاہم، دیوالی کے موقع پر دوبارہ مبارکبادی بینر لگنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صرف ان بینروں کی اجازت دی جائے گی جو ضلع مجسٹریٹ کے دفتر سے منظوری شدہ ہوں۔
اس میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر سندیپ مالوی، پرشانت روڈے، میونسپل انجینئر پرشانت سوناگرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنروں نے شرکت کی، جبکہ
میٹنگ کی کارروائی کا انتظام ہیڈ کوارٹر کے ڈپٹی کمشنر جی جی گوڈیپورے نے کیا۔
کمشنر راؤ نے ووٹروں کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی، جن میں ریمپ، ٹوائلٹ کی صفائی اور پینے کے پانی کا انتظام شامل ہیں، تاکہ ووٹروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دیوالی کی چھٹیوں کے دوران صفائی ستھرائی، عوامی ٹوائلٹس اور پانی کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت بھی متعلقہ محکمے کو دی گئی ہے۔ کمشنر راؤ نے تعمیراتی منصوبوں کے ارد گرد کی سڑکوں کی دیکھ بھال اور وقتاً فوقتاً پانی کے چھڑکاؤ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
