
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث پانچ لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں 30 لاکھ سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک ایک لاکھ 32 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ایک دن میں 65 ہزار سے زیادہ نئے متاثرین،پائے گئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک دو لاکھ 42 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 5034 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہاں اب تک ایک لاکھ 47 ہزار سے زیادہ افراد اس مرض سے صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وبا کا بدترین مرحلہ ابھی آنا ہو۔ ادارے نے کہا ہے کہ اگر حکومتوں نے درست پالیسیاں نہیں اپنائیں تو کئی گنا اور لوگ اس مرض کا شکار ہو جائیں گے۔
امریکہ اور انڈیا کی کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلوں کو یا واپس لے لیا ہے یا ان پر عملدرآمد ملتوی کر دیا ہے اور اس کی وجہ کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ بتایا جا رہا ہے۔
یورپی یونین نے 14 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جن کے شہریوں کو یکم جولائی سے یونین میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان ممالک میں چین، برازیل اور امریکہ شامل نہیں ہیں