حیدرآباد: ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 15ویں دن بھی جاری ہے۔ آندھراپردیش کے سابق وزیر اعلی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرا بابونائیڈو احتجاجی کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ چندرابابو نے نئے سال کی تقاریب سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے دارالحکومت کے مواضعات کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ بھونیشوری بھی تھیں۔
Andhra Pradesh: TDP Chief Nara Chandrababu Naidu with wife Bhuvaneswari & other leaders sits in support of Amaravati region farmers who are protesting against the three capital proposal by state government pic.twitter.com/rVu22hM5Rq
— ANI (@ANI) January 1, 2020
دارالحکومت امراوتی کے مختلف دیہاتوں کے کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئے دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی جی ایس راو کمیٹی کی رپورٹ کو منسوخ کیا جائے۔ ان کسانوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت کے رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ جب ریاست میں ایک دارالحکومت ہے تو پھر تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کی کیا ضرورت ہے؟
اس سے ریاست کے عوام بالخصوص دارالحکومت کے کسانوں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ تین دارالحکومتوں کے اعلان کے ذریعہ وزیراعلی ریاست کو تقسیم کر رہے ہیں۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے اس اعلان کو فوری طورپر واپس لے۔ اس احتجاج کے موقع پر مختلف مقامات پر پولیس کا بھاری بندوبست دیکھا گیا۔

ادھر، چندرابابو اور ان کی اہلیہ نے کسانوں کے ساتھ دھرنے میں شامل ہوتے ہوئے ان سے یگانگت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بعض خواتین نے چندرابابو کے سامنے اپنے مسائل پیش کیے۔ کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ خوشی کے موقع پر کسانوں کو سڑکوں پر احتجاج کرنا پڑ رہا ہے اور کسانوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کے لئے ان کسانوں نے اپنی اراضیات دی ہیں تاہم اب حکومت دارالحکومت کو تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چندرابابو نے کہا کہ انہوں نے ویثرن 2020 کے ذریعہ حیدرآباد کو ترقی دی تھی۔ جس طرح حیدرآباد کو انہوں نے ترقی دی تھی وہ یہاں کے لئے بھی ایسا ہی خواب رکھتے ہیں۔ چندرابابو نے کہا کہ انہوں نے مائیکروسافٹ کمپنی کے مرکز کو حیدرآباد میں قائم کروایا تھا، عوام کی خدمت کرتے ہوئے انہوں نے ترقی کے کام کروائے تھے۔
چندرابابو کی اہلیہ نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل ایک خاتون ہی سمجھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر نے اے پی کو اونچے مقام پر لانے کے لئے چندرابابو نائیڈو نے بے تکان جدوجہد کی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وجئے واڑہ کے رکن پارلیمنٹ کیشونینی نانی نے کہا کہ دارالحکومت کو منتقل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے تین دارالحکومتوں کی تجویز نامناسب ہے، اس سے فوری دستبرداری کی ضرورت ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
