متحدہ عرب امارات کے خلاباز ہزاع المنصوری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خلاء سے مکہ معظمہ کی کھینچی گئی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جو ان کی خلاء سے بھیجی گئی دوسری تصویر ہے۔
اس تصویر کے ساتھ ہزاع المنصوری نے ایمان افروز تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘یہ وہ مکہ معظمہ ہے جس کی طرف اہل ایمان کے دل کھنچے چلے آتے ہیں، جس کے دیدار کے لیے مسلمان ہر وقت دعائیں کرتے ہیں اور جہاں پہنچ کر اپنے دلوں کی مرادیں اور اپنے پرور دگار سے دعائیں مانگتے ہیں۔ برادر ملک سعودی عرب کے لیے بھرپور محبت اور عقیدت کے ساتھ مکہ معظمہ کی تصویر پیش کی جاتی ہے’۔
صورة فضائية لمكة المكرمة، حيث تهفو قلوب المؤمنين، وتلهج ألسنتهم بالابتهال إلى الله، مع كل الحب للمملكة العربية السعودية الشقيقة. pic.twitter.com/Btxx3fjcCF
— Hazzaa AlMansoori (@astro_hazzaa) October 2, 2019
قبل ازیں 29 ستمبر کو خلاباز ہزاع المنصوری نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کھینچی گئی زمین کی ایک تصویر ارسال کی۔ خلاء میں جانے کے بعد یہ ان کی پہلی تصویرتھی۔
اس تصویر کے ساتھ ہزاع المنصوری کی طرف سے ایک پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ ‘آخر کار میں نے اپنے خواب کو آسمان کی دوسری طرف سے پورا کردیا۔ ہزاع کی نگاہیں خلاء سے زمین پر ہیں۔ میں نے خلائی اسٹیشن سے زمین کی پہلی تصویر لی ہے جسے زمین پر بھیجا جا رہا ہے۔
ہزاع علی المنصوری نے بدھ کے روز پہلے اماراتی خلاباز کی حیثیت سے 61-62 خلائی مشن کے دیگر ممبروں کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے خلائی سفر کا آغاز کیا۔ ان کا یہ سفر قازقستان میں بائیکونور کاسمڈرووم سنٹر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے شروع ہوا۔ یہ مشن 187 دن جاری رہے گا جس میں ان کے ہمراہ امریکی خلائی ادارے ‘ناسا’ کے خلاباز جسیکا میر اور روسی خلائی ادارے کے اولیگ اسکریپوچکا شامل ہیں۔
هل يمكنكم التعرف إلى هذا المكان الذي صورته من على ارتفاع 400 كم؟ pic.twitter.com/kWvQYP129s
— Hazzaa AlMansoori (@astro_hazzaa) September 30, 2019
اس سفر کے فوراً بعد متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع اور دبئی کے حکمران محمد بن راشد نے ٹوئٹ کیا کہ "ہزاع المنصوری کی خلاء میں روانگی تمام عرب نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ مل کر ستاروں پرکمندیں ڈال سکتے ہیں۔ ہمارا اگلا پڑاؤ مریخ ہے جس میں امید ہے کہ ہمارے نوجوانوں کی گئی تحقیق مریخ تک کے سفر میں مدد گار ثابت ہوگی۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
