نئی دہلی: الیکشن کمیشن کی جانب سے اجیت پوار دھڑے کو اصل این سی پی قرار دینے اور اسے پارٹی کا انتخابی نشان گھڑی فراہم کرنے کے معاملہ میں شرد پوار نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ان کی عرضی پر جلد سماعت کی جائے۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ وہ شرد پوار کی عرضی کو فہرست بند کرنے پر غور کرے گا۔
شرد پوار کی جانب سے پیش سینئر ایڈوکیٹ منو سنگھوی نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملہ کو فہرست بند کریں۔
سنگھوی نے کہا کہ اگر آنے والے ہفتے کے آخر میں شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں شرد پوار گروپ کو پارٹی کی ہدایات کے تابع بنایا گیا تو یہ ایک عجیب صورتحال کو جنم دے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے حالات ادھو ٹھاکرے سے بھی زیادہ مشکل ہو جائیں گے، کیونکہ ابھی تک ہمیں کوئی انتخابی نشان مختص نہیں کیا گیا ہے۔‘‘