ترانہ: یہاں آئے شدید زلزلہ میں زبردست جانی اور مالی نقصان سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 20ہوگئی ہے۔مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق زلزلہ کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور لوگ ملبہ تلے دب گئے۔
زلزلہ کے نتیجے میں اب تک 20 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک شخص زلزلہ کے خوف سے اونچی عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث گرکر ہلاک ہوا۔ البانیہ کی وزارت دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلہ میں ابتدائی طور پر600 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا کے مطابق زلزلہ منگل کی علی الصبح آیا جس نے دارالحکومت کے 34 کلو میٹر کے شمال مغربی علاقے کو متاثر کیا جبکہ زلزلہ سربیا کے شہر سمیت پورے خطہ میں 700 کلو میٹر تک محسوس کیا گیا۔ ملبہ تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو اہلکار اور آرمی کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ میڈیا کے مطابق 20افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور42افراد کو ملبہ سے نکالا گیا ہے۔ قابل غور ہے کہ 1920میں البانیہ میں خوفناک زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 200افراد کی جان چلی گئی تھی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
