افغانستان پر چار ملکی اجلاس اگلے ہفتے چین میں ہوگا

چینی اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے معاملے پر چار ملکوں کا اہم اجلاس چین میں شروع ہو رہا ہے جس میں میزبان ملک، پاکستان، امریکہ اور روس شرکت کر رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے منگل کو کہا کہ افغانستان کے لیے چین کے خصوصی ایلچی یو ژیاؤونگ اگلے ہفتے اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں۔

انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے منگل کی شب بتایا کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئے لاوروف مذاکرات میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے ہیں۔لاوروف گذشتہ ماہ یوکرین پر حملے کے بعد سے زیادہ تر روس سے باہر نہیں گئے لیکن انہوں نے حال ہی میں یوکرین کے وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کے لیے ترکی کا دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے لیے واشنگٹن کے خصوصی نمائندے ٹام ویسٹ ’ایکسٹینڈڈ ٹرائیکا‘ جس میں تین عالمی طاقتوں کے علاوہ پاکستان بھی شامل ہے کے اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے۔

یہ مذاکرات روس کے یوکرین پر حملے کے پس منظر میں ہو رہے ہیں جب کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان ایک معاشی اور انسانی بحران کا شکار ہے۔یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب طالبان نے ملک میں ہائی سکول کی طالبات کو تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دینے کے حوالے سے فیصلے کو واپس لیا ہے جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے اور اس فیصلے نے اہم ڈونر کانفرنس سے قبل فنڈ دینے والے ممالک میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی برقرار رکھنے کے طالبان کے فیصلے کے بعد امریکی حکام نے طالبان کے ساتھ دوحہ میں ہونے والی بات چیت کو منسوخ کر دیا جب کہ محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن اس فیصلے کو طالبان کے ساتھ ’ہماری بات چیت میں ایک ممکنہ موڑ‘ کے طور پر دیکھتا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading