اجیت دادا پوار کا مشن ادھورا نہیں رہے گا، این سی پی کو دوبارہ بلندیوں پر لے جائیں گے: سنیترہ پوار
این سی پی کی قومی صدر منتخب ہونے کے بعد سنیترہ اجیت پوار کا پہلا خطاب، کارکنوں کو جذباتی پیغام
میں محض صدر نہیں، آپ کی بیٹی اور بہن بن کر کام کروں گی، ریاست بھر میں رکنیت سازی مہم کا اعلان
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی کنونشن میں پارٹی کی باقاعدہ قومی صدر منتخب ہونے کے بعد سنیترہ اجیت پوار نے ایک جذباتی اور پر عزم خطاب کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اجیت دادا کے اچانک چلے جانے سے پارٹی اور ان کی زندگی میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر کرنا ممکن نہیں، لیکن وہ دادا کے ترقیاتی ویژن اور نظریات کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ ان کے لیے محض ایک منصب نہیں بلکہ لاکھوں کارکنوں کی امیدوں اور جدوجہد کی ذمہ داری ہے۔
سنیترہ پوار نے اپنے خطاب میں سابق قومی صدر اجیت پوار کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 30 جون 2023 کو ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے ڈھائی سال کے قلیل عرصے میں پورے مہاراشٹر کا دورہ کیا اور تنظیم کو نئی جہت عطا کی ۔ انہوں نے بتایا کہ دادا کی قیادت میں پارٹی نے لوک سبھا، اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور قومی سطح پر اپنی قیادت کو منوایا ۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اجیت دادا کے ادھورے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے جی جان سے کوشش کریں گی۔
نو منتخب صدر نے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ملک کی ترقی کا انجن ہیں ۔ انہوں نے ’لاڈکی بہن یوجنا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی اقتصادی اور انتظامی خودمختاری کے لیے این سی پی خصوصی اقدامات کرے گی۔ کسانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت کو ٹیکنالوجی (AI) سے جوڑ کر اسے نفع بخش بنانا ان کا نصب العین ہے، جیسا کہ اجیت دادا چاہتے تھے۔
سنیترہ پوار نے اعلان کیا کہ آنے والے چند مہینوں میں پارٹی کے دستور کے مطابق رکنیت سازی کی مہم شروع کی جائے گی اور نچلی سطح سے لے کر اعلیٰ عہدوں تک انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے این سی پی کا ہر کارکن خود کو قومی صدر سمجھے اور اسی جذبے سے کام کرے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ تمام لیڈروں بشمول پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے اور چھگن بھجبل کے تعاون سے این سی پی کو دوبارہ قومی پارٹی کا درجہ دلائیں گی ۔
اپنے ذاتی دکھ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خاندان صرف پارتھ اور جے تک محدود نہیں، بلکہ پوری این سی پی میرا پریوار ہے۔ انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج، ججاؤ ماں صاحب، مہاتما پھولے اور بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات پر کاربند رہنے کا عہد دہرایا۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے ہندی اور انگریزی میں بھی کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی اور ملک کے مستقبل کے لیے مل کر کام کریں گی۔