اب بیٹی بنے گی مزید مستحکم ,”مہاراشٹر لیک لاڈکی یوجنا’ ایک تعارف

ایس ایم صمیم .ناندیڑموبائل نمبر9960942261

حکومت مہاراشٹر کی جانب سے شروع کی گئی لاڈلی بیٹی یوجنا یہ ایک فلاحی اسکیم ہے جس کے تحت غریب اور معاشی طور پر پسماندہ خاندان کی لڑکیوں کو حکومت مہاراشٹر کی طرف سے ایک لاکھ ایک ہزار روپے (101000) کی مالی امداد دی جائے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ اسکیم مہاراشٹر کی تمام غریب لڑکیوں کے لیے باعث فخر ثابت ہوگی۔وزیر مالیات مہاراشٹر نے 24-2023 کے بجٹ کو پیش کرتے ہوئے ۔ مہاراشٹر کے بجٹ 2023 میں مہاراشٹر کی لاڈلی بیٹی یوجنا کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت غریب اہل لڑکیوں کو 18 سال مکمل ہونے پر 75000 روپے کی نقد رقم دی جائے گی۔

آج ہم اس مضمون کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ مہاراشٹر لیک لاڈکی یوجنا کیا ہے؟ اور لیک لاڈکی یوجنا (لاڈلی بیٹی اسکیم) کے لیے کہاں درخواست دی جائے؟ اور اس کے لئے لگنے والے دستاویزات اور اس کے فوائد کیا ہیں؟لیک لاڈکی یوجنا 2023 کا اعلان وزیر مالیات نے مہاراشٹر کی لڑکیوں کو بااختیار اور مستحکم بنانے کے لیے قانون ساز اسمبلی میں بجٹ کہ موقع پر پیش کیا تھا۔ اس اسکیم کے ذریعے ریاست کے غریب خاندانوں میں پیدا ہونے والی لڑکیوں کو فائدہ دیا جائے گا۔

حکومت کی طرف سے بچی کی پیدائش سے لے کر تعلیم تک 5 قسطوں میں مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ مالی امداد کی رقم ملنے کے بعد بچی کی تعلیم میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ جس سے معاشرے میں موجود لڑکیوں کے متعلق منفی سوچ کو بدلنا آسان ہوگا۔

مہاراشٹر لیک لاڈکی یوجنا 2023 خاص طور پر ان لڑکیوں کے لیے شروع کی گئی ہے جن کے خاندان معاشی طور پر پسماندہ اور غریب ہیں۔ اس اسکیم کا فائدہ لڑکیوں کو پیدائش کے بعد سے ہی ملنا شروع ہوجاتا ہے تاکہ ان کی بہتر صحت، اچھی تعلیم اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کی تعلیم و ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور وہ روزگار و ٹیکنالوجی وغیرہ کے شعبوں میں کامیابی کی جدید بلندیوں کو چھو سکیں۔

حکومت مہاراشٹرغریب اور معاشی طور پر پسماندہ شہریوں کے لیے وقتاً فوقتاً کئی اسکیمیں نافذ کرتی ہے۔ اسی طرح لاڈلی بیٹی اسکیم (لیک لاڈکی یوجنا) شروع کی گئی ہے۔ جس کے تحت بچی کی پیدائش سے لے کر اس کی تعلیم تک کے تمام اخراجات پانچ قسطوں میں مہاراشٹر حکومت ادا کرے گی، 18 سال مکمل ہونے پر یک مشت 75000 روپے کی نقد رقم دی جائے گی۔

مہاراشٹر حکومت کے مطابق، یہ اسکیم صرف متوسط ​​طبقے اور غریب خاندانوں کی لڑکیوں کے لیے ہے۔ اس لیے اس اسکیم سے صرف وہی خاندان فائدہ حاصل کرسکیں گے جن کے پاس پیلے اور نارنجی رنگ کے راشن کارڈ ہیں۔

• لیک لاڈکی اسکیم کے مقاصد

٭ معاشی طور پر کمزور طبقات کی لڑکیوں کو بااختیار بنانا۔
٭ غریب گھرانوں کی لڑکیوں کو تعلیم فراہم کرنا۔
٭ مہاراشٹر لڑکیوں ناخواندگی کو ختم کرنا اور انہیں تعلیم دے کر روزگار کے مواقع فراہم کرنا۔
٭ تاکہ لڑکیوں کی شرح اموات کو کم کیا جا سکے۔
٭مہاراشٹر میں غریب خاندانوں کی لڑکیوں کو اچھی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا۔
٭ مہاراشٹر کی لڑکیوں کو لیک لاڈکی یوجنا سے مالی امداد پہنچا کر خود کفیل بنانا۔
٭ لڑکیوں کو اپنے روشن مستقبل کے انتخاب میں آسانی فراہم کرنا۔

• لیک لاڈکی یوجنا کے فوائد

٭ لیک لاڈکی یوجنا کے تحت مہاراشٹر کی تمام غریب لڑکیوں کو تعلیم کا سنہری موقع ملے گا۔
٭ غریب لڑکیوں کو بھی اچھی تعلیم حاصل کرکے روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔
٭ اس اسکیم کے تحت غریب خاندان میں بچی کی پیدائش پر 5000 روپے دیے جائیں گے۔
٭ پہلی جماعت میں داخل ہونے پر لڑکی کو 6000 روپے دیے جائیں گے۔
٭ چھٹی جماعت میں داخل ہونے پر 7000 روپے دیے جائیں گے۔
٭ جب لڑکی گیارہویں میں داخلہ لے گی تو اسے 8000 روپے دیے جائیں گے۔ ٭ آخر میں، جب لڑکی 18 سال کی ہو جائے گی، تو اسے مزید پڑھائی کے لیے ₹ 75000 کی یکمشت نقد رقم دی جائے گی۔

• مہاراشٹر لیک لاڈکی اسکیم کے لئے اہلیت

اگر آپ بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو اس کی اہلیت و شرائط کو جاننا ضروری ہے، ذیل میں تفصیلات درج کی جارہی ہے۔

٭ لیک لاڈکی یوجنا کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے لڑکی کا تعلق ریاست مہاراشٹر سے ہونا چاہیے۔
٭ پیلے یا نارنجی رنگ کا راشن کارڈ والا خاندان ہی لیک لاڈکی یوجنا کے لیے اہل ہوگا۔
٭ وہ ریاست مہاراشٹر کے غریب اور پسماندہ طبقے سے ہو۔
٭ امیدوار کا شمارکسی بھی قسم کے ٹیکس ادا کرنے والوں میں نہ ہو۔
٭ امیدوار کے پاس کسی بھی قسم کی چار پہیہ گاڑی جیسے کار، ٹریکٹر یا بڑا گھر وغیرہ نہیں ہونا چاہیے۔

• مہاراشٹر لیک لاڈکی یوجنا 2023 کے لئے مطلوبہ دستاویزات

1) پیلا یا نارنجی راشن کارڈ
2) امیدوار (بچی) کا آدھار کارڈ
3) بچی کی والدہ کا آدھار کارڈ
4) بچی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ (جنم داخلہ)
5) اگر بچی کی والدہ حیات نہ ہو تو سرپرست کا آدھار کارڈ
6) خاندان کی سالانہ آمدنی کا داخلہ انکم سرٹیفکیٹ (ایک لاکھ سے کم)
7) رہاش کا ثبوت (مہاراشٹرا ریاست)
8) فیملی پلاننگ سرٹیفکیٹ
9) اسکول کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ
10) پانچویں قسط کے دوران غیر شادی شدہ ہونے کے بارے میں فائدہ اٹھانے والے کا سیلف ڈیکلریشن سرٹیفکیٹ
11) بینک پاس بک کے پہلے صفحے کی ژیراکس
12) ووٹر شناختی کارڈ (آخری قسط کا فائدہ کے لیے 18 سال مکمل ہونے پر ووٹر لسٹ میں لڑکی کے نام کا سرٹیفکیٹ)

• لیک لاڈکی یوجنا کے لیے درخواست کہاں دی جائے؟

مہاراشٹر حکومت نے سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے ریاست میں لڑکیوں کے لیے مہاراشٹر لیک لاڈکی یوجنا شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لیک لاڈکی یوجنا کے تحت درخواست جمع کرانے کے لیے، لڑکی کے والدین / سرپرست کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ 1 اپریل 2023 یا اس کے بعد متعلقہ دیہی یا شہری علاقے کے مقامی خود مختار ادارے (گرام پنچایت، نگر پریشد، کارپوریشن) میں بچی کی پیدائش کا اندراج کرائیں اور پھر اپنے اطراف کی کسی بھی آنگن واڑی کارکن کے پاس ضروری دستاویزات کے ساتھ درخواست جمع کرائیں۔

مذکورہ اسکیم کے لیے درکار تمام درخواستیں ریاست کہ ہر دیہی اور شہری چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر، ضلع پریشد، ضلعی خواتین و اطفال ترقی افسر (مہیلا و بال وکاس آفیسر)، ڈویژنل محکمہ خواتین و اطفال(وومن چائلڈ ڈیولپمنٹ آفیسر) کے دفاتر میں دستیاب ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading