کلکتہ. (یو این آئی)َْٖجلپائی گوڑی میں واقع ایک پرائمری اسکول میں بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری راہل سنہا کی آمد پر اسکولی بچوں کے ذریعہ ”جے شری رام“ کا نعرہ لگوائے جانے پرسیاست تیز ہوگئی ہے۔ایک طرف جہاں بی جے پی اپنے بیانیہ کی جیت قرار دے رہی ہے وہیں مختلف تعلیمی تنظیمیں اورآل بنگال ٹیچر ایسوسی ایشن نے اس پورے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سے جبراً جے شری رام کے نعرے لگوانا قابل مذمت عمل ہے۔سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسکول اور طلباء کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوناچاہیے۔بی جے پی کے جنرل سیکریٹری راہل سنہا تیستا ندی کے کنارے واقع دھرمودیب پرائمری اسکو ل میں درخت لگانے کی مہم کے تحت پہنچے تھے۔بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ جب راہل سنہا اسکول پہنچے تو بچے انہیں جے شری رام کے نعرے کے ذریعہ استقبال کرنے لگے۔جب کہ آل بنگال ٹیچرس ایسوسی ایشن نے اس پورے واقعے کو ہی غلط بتا دیا ہے۔پرائمری اسکول کے ٹیچر انچارج سنجے سرکار نے کہا کہ کچھ مقامی لوگ اسکول آئے اورکہا کہ یہ لوگ اس علاقے میں درخت لگانے کی مہم چلارہے ہیں اس لیے اسکول کے احاطے میں بھی درخت لگانا چاہتے ہیں چوں کہ یہ کام بہترین تھا اس لیے ہم نے اجازت دیدی۔ایک دوسرے ٹیچر جے دیپ نے کہا کہ راہل سنہا نے اسکول چھٹی کے وقت پہنچے تھے اس وقت اسکول میں ہیڈ ماسٹر اور دیگر اساتذہ موجود نہیں تھے۔اچانک کچھ لوگوں کے ساتھ راہل سنہا یہاں پہنچے۔اس کیمپس میں دو اسکول چلتے ہیں۔بی جے پی لیڈر پرائمری سیکشن کی طرف جاکر درخت لگانے لگے اسی وقت اسکول میں کچھ لوگوں نے جے شری رام کے نعرے لگانے لگے۔تاہم اسکول کے اسٹاف ممبر نے کہا کہ ہم لوگ نہیں جانتے ہیں یہ سب کیسے ہوا اور کس نے اسکول میں سیاسی مہم چلانے کی اجازت دی۔اس پورے معاملے میں صفائی پیش کرتے ہوئے راہل سنہا نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں ممبر سازی مہم چلارہی ہے۔بنگال میں اس مہم کے تحت ممبرسازی چل رہی ہے اور اس موقع پر ہم درخت بھی لگارہے ہیں۔ہم نے اسکول میں پارٹی کا جھنڈا لے کر نہیں گئے تھے۔ہم سماجی مہم کے تحت درخت لگانے اسکول گئے تھے اوربچوں نے جے شری رام کے نعرے سے ہمارا استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی جے شری رام کا نعرہ سن کر جتنا بھاگیں گی اتنا ہی جے شری رام کے نعرے لگیں گے۔تاہم سیاسی پروگراموں کیلئے اسکول کے طلباء کا استعمال کیے جانے پر مختلف حلقوں سے مذمت کی جارہی ہے۔آل بنگال ٹیچر س ایسوسی ایشن نے کے ضلع صدر پرسنجیت نے کہا کہ اسکول کے احاطے میں مذہبی نعرے اور سیاسی نعرے لگوانا غیر اخلاقی اور قابل مذمت عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں شکایت کرائیں گے بی جے پی لیڈروں نے بچوں سے جبراً جے شری رام کے نعرے لگوائے ہیں۔