
برسبین کے گابا میں کھیلے گئے بارڈر گاوسکر ٹرافی کے چوتھے میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے چار میچوں کی یہ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ گابا کے میدان پر پہلی بار کسی ٹیم نے 300 رنوں سے زیادہ کے ہدف کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کیا۔
آسٹریلیا میں ہندوستان نے دوسری مرتبہ ٹیسٹ سیریز پر قبضہ کیا ہے۔ اس سے پہلے 2018-19 کے دورے پر بھی ٹیم انڈیا نے آسٹریلا کو چار میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ اس وقت ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف اس کے گھر میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ایشیا کی پہلی ٹیم بنی تھی۔ اب ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر سے آسٹریلیا کو اس کے گھر میں ہرا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔